Wednesday, March 4, 2026
ہومتازہ ترینمشعال حسین ملک کی ایرانی سفارتخانے آمد، اظہارِ تعزیت اور کشمیر کا موقف اجاگر کیا

مشعال حسین ملک کی ایرانی سفارتخانے آمد، اظہارِ تعزیت اور کشمیر کا موقف اجاگر کیا

اسلام آباد(سب نیوز) حریت رہنما مشعال حسین ملک نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی حالیہ شہادت پر ایرانی سفارتخانے کا دورہ کیا اور تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ اس موقع پر ان کے اہلِ خانہ بھی ہمراہ تھے، جنہوں نے ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

مشعال حسین ملک نے کہا کہ یہ سانحہ نہ صرف ایران بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک عظیم نقصان ہے۔ انہوں نے ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی پالیسیوں اور خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ مزید عدم استحکام پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایران اور کشمیر کے درمیان صدیوں پر محیط دینی، روحانی اور فکری تعلق موجود ہے۔ اہلِ کشمیر ہمیشہ اہلِ بیت سے عقیدت رکھتے آئے ہیں اور ایران نے ہر دور میں مظلوم اقوام، خصوصا فلسطین اور کشمیر کے عوام کی اخلاقی حمایت کی ہے۔ یہی مشترکہ وابستگی دونوں خطوں کو ایک دوسرے کے قریب رکھتی ہے۔

مشعال حسین ملک نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے لیے ثابت قدم ہیں۔ انہوں نے عالمِ اسلام پر زور دیا کہ باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے تاکہ مظلوم اقوام کو موثر آواز مل سکے۔اس موقع پر ایران کے سفیر نے مشعال حسین ملک اور ان کے اہلِ خانہ کی آمد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مذہبی اور ثقافتی رشتوں پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک کو خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کردار ادا کرنا چاہیے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔