Wednesday, March 4, 2026
ہوماسلام آبادہنگری کے سفیر کا اسلام چیمبر کا دورہ، کاروباری روابط کے فروغ پر تبادلہ خیالات

ہنگری کے سفیر کا اسلام چیمبر کا دورہ، کاروباری روابط کے فروغ پر تبادلہ خیالات

اسلام آباد(آئی پی ایس ) ہنگری کے سفیر ڈاکٹر زولٹن ورگا نے کہا ہے کہ ہنگری اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)میں ایک انٹر ایکٹیو سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری نے گزشتہ سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منائی جس میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد کاروباری مواقع کی نشاندھی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہنگری جوائنٹ اکنامک کمیشن (جے ای سی)نے بھی گزشتہ سال اپنا اجلاس منعقد کیا تھا اور اس امید کا اظہار کیا تھا کہ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے آیندہ اجلاس اگلے سال بوڈاپسٹ میں ہوگا۔ڈاکٹر زولٹن ورگا نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارت کا حجم تقریبا 100 ملین ڈالر ہے جو مزید ترقی کے قوی امکانات کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہنگری کی بڑی اقتصادی موجودگی ہنگری کی آئل اینڈ گیس کمپنی MOL گروپ کے ذریعے ہے جو کہ گزشتہ 26 سالوں سے ملک میں کامیابی سے کام کر رہی ہے۔انہوں نے پاکستان کو 250 ملین سے زائد لوگوں کی ایک بڑی اور متحرک مارکیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہنگری کا سفارت خانہ دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان کاروباری رابطوں میں سہولت فراہم کرنے پر خوش ہوگا۔سفیر نے شرکا کو یہ بھی بتایا کہ آئندہ ماہ شیڈولڈ ای یو-پاکستان بزنس فورم اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور کاروباری تعلقات کو مضبوط کرنے کا ایک اور موقع فراہم کرے گا۔قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان خوشگوار سفارتی تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری مضبوط اقتصادی روابط سے بہت فائدہ اٹھا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارت تقریبا 100-120 ملین امریکی ڈالر ہے، جس میں پاکستان بنیادی طور پر ٹیکسٹائل، چمڑے کی اشیا اور کھانے پینے کی مصنوعات برآمد کرتا ہے، جب کہ ہنگری پاکستان کو مشینری، فارماسیوٹیکل اور خصوصی صنعتی مصنوعات برآمد کرتا ہے۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکلز، انفراسٹرکچر کی ترقی، زرعی مشینری اور ٹیکنالوجی پر مبنی صنعتوں جیسے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے کافی امکانات ہیں۔انہوں نے پاکستانی اور بین الاقوامی کاروباری اداروں کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ سفیر کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کے نئے مواقع کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے بھی خطاب کیا اور تعاون کے ممکنہ شعبوں پر روشنی ڈالی، جبکہ ہنگری کی اقتصادی ترقی اور تکنیکی ترقی کی تعریف کی۔شرکا میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈاکٹر ڈورا گنسبرگر، نائب صدر عرفان چوہدری، سابق صدر شکیل منیر، ایگزیکٹو ممبران، ملک محسن خالد، ذوالقرنین عباسی، اسحاق سیال، عمران منہاس، مرزا محمد علی، چیئرمین انٹر ریجنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کاشف زائر، سابق ایگزیکٹو ممبران چوہدری محمد علی اور اختر عباسی بھی موجود تھے ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔