اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بدھ کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز، پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مختلف انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ منصوبوں کی پلاننگ اور ابتک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈر پاس پراجیکٹ کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کے ٹینڈرنگ کے عمل کو جلد مکمل کرلیا جائیگا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کیلئے کنسلٹنٹس کی تعیناتی کا عمل جاری ہے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کے حوالے سے تمام ٹائم لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں مارگلہ ایونیو، این فائیو (N-5) تا ایم ون (M-1) تک آئی سی ٹی حدود میں توسیع کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کے ٹینڈرنگ کے عمل کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
اس ضمن میں جلد ورک ایوارڈ کر دیا جائیگا اور جلد ہی اس منصوبے کی گراونڈ بریکنگ کی جائیگی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت ایک لوپ اور دو انڈر پاسز تعمیر کئے جائینگے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ اس منصوبے میں اعلی معیار اور کام کی رفتار دونوں کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں اتاترک ایونیو سڑک کی کشادگی کے منصوبے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اتاترک ایونیو پر مستقل بنیادوں پر خوبصورت لائٹس اور ڈیجیٹل بورڈز نصب کئے جائیں۔ اسی طرح ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ بھی کی جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اتاترک ایونیو پر سائیکل ٹریک بھی تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کیلئے ماحولیاتی اثرات کی اسسمنٹ (EIA) لازمی کرائے جائیں۔پنڈوریاں ماڈل قبرستان کی تعمیر کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کے ڈیزائن کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے میں بانڈری وال، کشادہ پارکنگ ایریا، آفس، وضو خانہ، جنازہ گاہ، مسجد اور الیکٹرک میت بسیں شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لہتڑاڑ روڈ سے قبرستان تک رسائی روڈ کی توسیع پر کام کیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ قبرستان کے اندر موجود مرکزی سڑک کو مزید کشادہ کیا جائے اور لہتراڈ روڈ کیساتھ پارک روڈ سے پنڈوریاں ماڈل قبرستان تک رسائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے پنڈوریاں ماڈل قبرستان میں متبادل پارکنگ بھی تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ کے حوالے سے بریفنگ دی دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس سڑک کی لمبائی تقریبا 9.5 کلومیٹر ہوگی اور اس منصوبے کیلئے کنسلٹنٹ کی تعیناتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے تمام منصوبوں پر تعمیراتی کام کے آغاز کیلئے ٹائم لائنز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے واضح ہدایات کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیساتھ ہر صورت اعلی معیار اور کوالٹی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انفراسٹرکچر کی ترقی اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
