اسلام آباد (سب نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایران پر حالیہ حملے انتہائی افسوسناک ہیں اور ہمیں اس پر دلی رنج ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی طریقے سے ایران کی حمایت کی ہے اور اقوام متحدہ میں بھی پاکستان نے واضح طور پر ایران کے خلاف حملے کی مذمت کی ہے۔
خواجہ آصف نے پاکستان کی مذہبی جماعتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے میں اگر ہم اپنے ملک کے اندر احتجاج کو شدت میں بدلیں یا قانون کو ہاتھ میں لیں تو یہ دشمن کے منصوبوں کو فائدہ دے گا۔انہوں نے کہاکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں، احتجاج کو پرامن رکھیں اور ملک کے اندر کسی بھی قسم کی بدامنی یا نقصان سے بچیں۔ان کے مطابق قومی اتحاد اور استحکام ہی اس وقت پاکستان کی اصل طاقت ہے۔واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔
