اسلام آباد (سب نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں اسپیکر نے ایرانی قیادت، عوام اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت نہ صرف ایران بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
انہوں نے مرحوم کے خاندان کے افراد اور سرکاری عملے کی شہادت کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا سانحہ ہے جس پر پوری پاکستانی قوم سوگوار ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایران کی اعلی سول و عسکری قیادت اور دیگر شہدا کی شہادت پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عوام ایران کی قیادت و عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مشرقِ وسطی میں جاری حالیہ جنگ دنیا کو مزید عدم استحکام، کشیدگی اور ایک وسیع تر تصادم کی طرف دھکیل سکتی ہے، لہذا خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے عالمی برادری کو مثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای مرحوم اور تمام شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
