Sunday, March 1, 2026
ہوماسلام آبادسیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کا مختلف مقامات پر قائم ناکوں کا دورہ

سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کا مختلف مقامات پر قائم ناکوں کا دورہ

اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی سیکرٹری برائے داخلہ کیپٹن (ر)محمد خرم آغا نے دارالحکومت اسلام آباد میں مختلف مقامات پر قائم ناکوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ناکوں پر شہریوں کی حفاظت کے حوالے سے کئے گئے انتظامات اور آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تمام ناکوں پر شہریوں کی حفاظت کیلئے 24/7 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت مانیٹرنگ کیلئے پولیس ناکا جات کے زریعے یقینی بنایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو چیک کیا جارہا ہے۔

بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ شہر کے تمام ناکوں کی اسلام آباد سیف سٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔وفاقی سیکٹریری برائے داخلہ کیپٹن (ر)محمد خرم آغا نے پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہر دم الرٹ اور اپنی پیشہ ورانہ زمہ داریاں بھرپور انداز میں سر انجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان اور سیکورٹی کے حوالے سے کوئی کوتاہی ہرگز برداشت نہ کی جائیگی۔ اس موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی امن و امان کی صورتحال کو بہتر اور محفوظ ترین شہر بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔