Sunday, March 1, 2026
ہومتازہ ترینوزیراعلیٰ مریم نوازکی ہدایات،سیاحوں کے لئے عالمی معیار کی "مری سیف ٹورازم ایپ" کا اجراء ،ڈی پی او سمیت تمام ادارے ایک کلک پر دستیاب،ایپ خواتین کے تحفظ اور اے آئی گائیڈنس سے لیس ہے، ڈی پی او مری ڈاکٹر محمدرضا تنویر

وزیراعلیٰ مریم نوازکی ہدایات،سیاحوں کے لئے عالمی معیار کی “مری سیف ٹورازم ایپ” کا اجراء ،ڈی پی او سمیت تمام ادارے ایک کلک پر دستیاب،ایپ خواتین کے تحفظ اور اے آئی گائیڈنس سے لیس ہے، ڈی پی او مری ڈاکٹر محمدرضا تنویر

مری/راولپنڈی: (سب نیوز)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن پر مری پولیس نے روایتی پولیسنگ کو “سمارٹ سکیورٹی” میں تبدیل کرتے ہوئے عالمی معیار کی “سیف ٹورازم ایپ” متعارف کرا دی ہے۔

یہ ایپ ہر سیاح کے لیے ایک “ڈیجیٹل گارڈین”ثابت ہو گی، اس ایپ کے ذریعے ڈی پی او مری سمیت پولیس، ریسکیو، انتظامیہ اور محکمہ موسمیات جیسے تمام کلیدی ادارے ایک کلک کی دوری پر ہوں گے۔ خواتین کے خصوصی تحفظ، لائیو ویدر اپ ڈیٹس اور درجنوں جدید فیچرز سے لیس یہ سمارٹ سسٹم مری آنے والے لاکھوں سیاحوں کو یہ یقین دلائے گا کہ وہ اب دنیا کے محفوظ ترین سیاحتی مراکز میں داخل ہو چکے ہیں۔

ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے ایپ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مصنوعی ذہانت سے لیس یہ پلیٹ فارم بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جو 24/7 “ورچوئل ٹورسٹ گائیڈ” کے طور پر کام کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اسایپ کے ذریعے پولیس، ریسکیو 1122، ٹریفک اور موٹروے پولیس تک فوری رسائی ممکن ہے۔ خواتین اور خاندانوں کے تحفظ کے لیے خصوصی طور پر “ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن” کو اس کا حصہ بنایا گیا ہے۔لائیو اے آئی چیٹ بوٹ کا فیچر سیاحوں کو راستوں کی تلاش، موسم کی صورتحال اور ٹریفک اپ ڈیٹس کے حوالے سے فوری ڈیجیٹل رہنمائی فراہم کرے گا۔

ڈی پی او مری نے بتایا کہ شفافیت کے لیے “ٹیکسٹ ٹو ڈی پی او”کی سہولت دی گئی ہے، جس کے ذریعے کوئی بھی سیاح اپنی شکایت یا ہنگامی صورتحال میں براہِ راست ڈی پی او مری کو واٹس ایپ پیغام بھیج سکے گا۔سمارٹ ٹورازم ڈائرکٹری فیچر میں تھانوں، ہوٹلوں، ہسپتالوں، ورکشاپس اور محفوظ تفریحی مقامات کی مکمل فہرست اور لائیو لوکیشنز (GPS) فراہم کر دی گئی ہیں۔

ڈاکٹر محمد رضا تنویر کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مری کی روایتی مہمان نوازی کو محفوظ بنانا ہے تاکہ سیاح یہاں سے صرف خوشگوار یادیں لے کر واپس جائیں۔انہوں نے بتایا کہ”سیف ٹورازم ایپ” گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔ تمام ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے سفر کو محفوظ اور منظم بنانے کے لیے مری روانگی سے قبل یہ ایپ لازمی ڈاؤن لوڈ کریں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔