بیجنگ :چینی لوگوں کے لیے،چینی نیا سال یعنی جشن بہار وہ بنیادی تہوار ہے جو صدیوں پر محیط یادوں کو سمیٹے اور خاندانی جذبات کو مضبوط کرتا ہے:جشن بہار کے موقع پر دروازوں پر کپلٹس آویزاں کرنا، سال نو کی تصویریں چسپاں کرنا ، سال نو کی مناسبت سے خاندان کے تمام لوگوں کا اکٹھے رات کا کھانا کھانا ، پوری رات جاگ کر تہوار منانا، آتش بازی اور پٹاخے چلانا، بزرگوں سے عقیدت کا اظہار کرنا ، آباؤ اجداد کو یاد کرنا اور میلوں کی رونق سے لطف اٹھانا وغیرہ۔ ان تمام روایات کی روح ہمیشہ سے “ملن” اور “امید” رہی ہے ، یہی وہ ثقافتی ورثہ ہے جو چینی قوم کے مزاج میں رچا بسا ہے۔
زمانے کی تبدیلی کے ساتھ، چینی لوگوں کے نئے سال منانے کے طریقے بھی آہستہ آہستہ بدل رہے ہیں۔ وہ نہ صرف روایتی رسوم کو برقرار رکھتے ہیں بلکہ نئے اور دلچسپ انداز بھی اپنا رہے ہیں، جس سے سال نو کا جشن عصری معنویت اختیار کر گیا ہے۔ آج کل ، چینی لوگوں میں سے کچھ اپنے اہل خانہ کے ساتھ سیاحت کے ذریعے نیا سال منانے کا انتخاب کرتے ہیں، مختلف علاقوں میں جا کر مقامی رنگ میں جشن مناتے ہیں ؛ بعض افراد ویڈیو رابطے کے ذریعے “آن لائن ملن” کا انتخاب کرتے ہیں، جہاں ہزاروں میل دور ہونے کے باوجود فاصلے سمٹ جاتے ہیں اور سال نو کے عشائیے کی گرمجوشی بانٹتے ہیں ؛ اور کچھ مختصر ویڈیوز کے ذریعے نئے سال کے روزمرہ کے معمولات ریکارڈ کرتے ہیں، اپنے آبائی علاقوں کی تہوار کی روایات دکھاتے ہیں، تاکہ پوری دنیا کے دوست چینی نئے سال کی رونق دیکھ سکیں۔ بہت سے نوجوان تو “غیر فعال” طریقے سے نیا سال منانے کے بجائے خود جشن بہار کی رونق کے “فعال تخلیق کار” بن گئے ہیں، اور بہت سے نئے اور دلچسپ رواج ایجاد کر لیے ہیں: کئی نوجوانوں نے “الٹا جشن” کا رجحان اپنایا ہے،
یعنی خود پرہجوم سفر کر کے آبائی علاقوں میں جانے کے بجائے والدین کو اپنے شہر بلا لیتے ہیں، کشادہ مکان کرائے پر لیتے ہیں ، بزرگوں کو مقامی لالٹین میلے گھماتے ہیں، خاص کھانے کھلاتے ہیں، اور زیادہ سکون سے ملن کا اہتمام کرتے ہیں۔ وہ “قدیم طریقوں کو نئے انداز میں” استعمال کرنے کے بھی شوقین ہیں، روایتی لباس پہن کر خاندانی تصویریں بنواتے ہیں ، مچھلی نما لالٹین جیسے غیر مادی ثقافتی ورثے کی رسوم کا تجربہ کرتے ہیں، اور “آن لائن کپلٹس کا سلسلہ” بنا کر روایتی ادب کو نئے ذوق سے ہم آہنگ کرتے ہیں۔ کچھ نوجوان اپنے گھر والوں کے لیے “نئے انداز کا سامان” تیار کرتے ہیں، جیسے سکریچ کارڈز، بلائنڈ باکسز اور کھانے پینے کی چیزیں ملا کر، تاکہ ڈبہ کھولنے کی خوشی نئے سال کی برکتوں میں اضافہ کرے۔بزرگوں کے نئے سال منانے کے طریقے بھی “گھر بیٹھے مہمانوں کا انتظار” کے دقیانوسی تصور سے نکل چکے ہیں۔
بہت سے بزرگ آن لائن نئے سال کا سامان خریدنا سیکھ چکے ہیں، انگلی کے ایک اشارے سے کھانے پینے کی اشیااور پھول گھر منگوا لیتے ہیں۔ اب بازار جانا ضروری نہیں رہا بلکہ یہ تہوار کی رونق محسوس کرنے کا ایک تفریحی طریقہ بن گیا ہے۔ بزرگ صحت اور نفاست کی طرف مائل ہیں، سال نو کے کھانے میں بھاری بھرکم کھانوں کی جگہ ہلکی پھلکی سبزیاں اور فروٹ سلاد زیادہ پسند کیے جاتے ہیں، اور وہ آن لائن ویڈیوز دیکھ کر پھول سجانے کا ہنر سیکھتے ہیں، رنگ برنگے پھولوں سے کمرے سجا کر نئے سال کو شاعرانہ بنا لیتے ہیں۔ اس سے بھی دلچسپ بات یہ ہے کہ چینی بزرگ ماحول دوست رجحانات کو اپنا رہے ہیں، روایتی پٹاخوں کی جگہ الیکٹرانک پٹاخے استعمال کر رہے ہیں، تاکہ رونق برقرار رہے اور ماحول بھی آلودہ نہ ہو۔ کچھ بزرگ تو اپنے بچوں کے ساتھ سفر کرتے ہوئے نیا سال مناتے ہیں، چلتے پھرتے مختلف قسم کی تہوار کی رونق محسوس کرتے ہیں اور صاف لفظوں میں کہتے ہیں کہ “اولاد کے ساتھ ہوں تو ہر جگہ سالِ نو ہے”۔چینی نئے سال کے یہ تازہ رواج عالمی انٹرنیٹ پر ” چینی بننا ” اور “Chinamaxxing” کے رجحان کی بدولت تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں: چینی لوگ خود ان دلچسپ اور گرم جوش لمحات کو بانٹ رہے ہیں، اپنی ثقافت پر اعتماد کا مظاہرہ کر رہے ہیں, اور غیر ملکی دوست ان جھلکیوں کے ذریعے چینی ثقافت سے قریب ہو رہے ہیں، چینی لوگوں کے “اپنے اصل سے وابستہ رہتے ہوئے رجحانات کے ساتھ چلنے” کے طرز زندگی کو سمجھ رہے ہیں، اور ان تفصیلات کے ذریعے حقیقی اور متحرک چین کو جان رہے ہیں۔چینی نئے سال کے یہ نئے رواج روایت کو ترک کرنا نہیں ہے، بلکہ موجودہ زندگی کے طریقوں کے مطابق ڈھلتے ہوئے ثقافتی جڑوں کو مسلسل مضبوط کرنا ہے۔
نوجوانوں کی جدید تخلیقات، بزرگوں کے دلچسپ طریقے، سب “ملن” اور “امید” کے گرد گھومتے ہیں۔ شکلیں بدل رہی ہیں، اسلوب نیا ہوتا ہے، مگر خاندان سے محبت اور بہتر زندگی کی آرزو جوں کی توں قائم رہتی ہے۔ غیر ملکی دوستوں کے لیے، یہ قدیم اور جدید رسوم کا امتزاج، چین کو سمجھنے کا بہترین دریچہ ہے: چین روایت سے جڑا ہوا ہے لیکن وقت کی تبدیلیوں کو بھی اپناتا ہے. چینی لوگ عمر کے ہر حصے میں زندگی سے پیار کرتے ہیں اور وقت کے ساتھ چلتے ہیں۔ “چینی بننا” اور “Chinamaxxing” کی عالمی لہر جشن بہار کے رجحان کے ساتھ مل کر، مختلف ممالک کے لوگوں کو اس تہوار کے ذریعے ایک دوسرے کو سمجھنے، ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہونے اور چینی نئے سال کی گرمجوشی اور زندگی کو سمجھنے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔
