ایسے تہوار مشترکہ ترقی کے عزم کو نئی تقویت دیتے ہیں، وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ
اسلام آباد :چین کے قمری نئے سال کے موقع پر قدیم روایتی تہوار جشنِ بہار دنیا بھر میں نئی اُمید، خوشحالی اور باہمی یکجہتی کے پیغام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔منگل کے روز اسی سلسلے میں اسلام آباد میں چائنا میڈیا گروپ اور ادارہ فروغِ قومی زبان کے باہمی اشتراک سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب نہ صرف ثقافتی ہم آہنگی کا حسین مظہر ثابت ہوئی بلکہ پاک۔چین دوستی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ایک مؤثر اور بامقصد کاوش بھی قرار پائی۔
چینی قمری کیلنڈر کے مطابق سالِ نو گھوڑے سے منسوب ہے، جو عزم، استقامت، جدوجہد اور رفتار کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ وزیراعظم پاکستان کی معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم مہمانِ اعزاز تھیں۔ چینی اور پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت نے اس تقریب کو دوستی، احترام اور باہمی اعتماد کی حقیقی تصویر بنا دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے چینی قوم کو جشنِ بہار کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تہوار ثقافتی ہم آہنگی، دوستی اور مشترکہ ترقی کے عزم کو نئی تقویت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری محض اقتصادی تعاون تک محدود نہیں بلکہ یہ عوامی روابط، ثقافتی تبادلوں اور مشترکہ خوشحالی کے وژن پر مبنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کی عالمی سطح پر ترقی اور کھلے پن کی پالیسی، خصوصاً پائیدار سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کے فروغ کے اقدامات، پاکستان کے لیے بھی نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔
اس موقع پر رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ اپنی تہذیب اور ثقافت سے محبت چین کی ترقی کا ایک اہم راز ہے اور یہی جذبہ قوموں کو مضبوط اور متحد بناتا ہے۔ انہوں نے چین کے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عالمی سطح پر پائیدار ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور باہمی شراکت داری کو فروغ دینے کی ایک مثبت مثال ہے، جس سے ترقی پذیر ممالک کو نئے امکانات میسر آ رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے چین کی مسلسل ترقی کے مختلف ادوار کا حوالہ دیتے ہوئے پاک۔چین شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا اور چینی صدر شی جن پھنگ کے ثقافتی ہم آہنگی کے وژن کو موجودہ عالمی تناظر میں نہایت اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ زبان، ثقافت اور علم کے تبادلے دونوں اقوام کو مزید قریب لا رہے ہیں۔
اس موقع پر سی ایم جی کے بین الاقوامی سطح پر مقبول پروگرام “اسپرنگ فیسٹیول گالا” کی دلکش جھلکیاں بھی پیش کی گئیں، جنہوں نے شرکاء کو چینی ثقافت، جدت طرازی اور فنی مہارت سے روشناس کرایا۔
تقریب میں چین کی ثقافت، روایتی موسیقی، رقص اور فنونِ لطیفہ کے دلکش مظاہرے پیش کیے گئے، جبکہ بچوں نے مارشل آرٹس میں اپنی مہارت کے شاندار نمونے دکھا کر حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔
تقریب کا اختتام پاک۔چین لازوال دوستی، ثقافتی یگانگت اور مشترکہ خوشحالی کے عزم کی تجدید کے ساتھ ہوا۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ گھوڑے کا سال دونوں ممالک کے لیے نئی کامیابیوں، پائیدار ترقی اور استحکام کا مظہر ثابت ہوگا اور باہمی تعاون کا سفر مزید مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھے گا۔
