اسلام آباد(سب نیوز)صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،اسلام آباد کی تمام مارکیٹس کے درمیان اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسلام آباد کی مارکیٹس اور مراکز کے نومنتخب صدور کو چیمبر کی مکمل سرپرستی حاصل ہوگی اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منتخب تاجر قیادت کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ عشائیہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبر روحیل انور بٹ نیاسلام آباد کی چار مارکیٹوں کے منتخب عہدیداران کے اعزاز میں عشائیہ دیا،جن میں بلیو ایریا کے صدر یوسف راجپوت،چیئرمین بلیو ایریا حاجی چوہدری محمد نعیم جی الیون مرکز کے صدر نعیم اختر اعوان، ، ای الیون مرکز کے صدر ظاہر عباسی اور جی ایٹ مرکز کے صدر عجب خان شامل ہیں ،تقریب میں اسلام آباد چیمبر کے صدر سردار طاہر محمود،یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری مہمان خصوصی تھے،عشائیہ سے اپنے خطاب میں،سردار طاہر محمود نے کہا کہ چیمبر تاجروں اور حکومت کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد کی تمام مارکیٹس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ اداروں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے اور کاروباری ماحول کو سازگار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کا اتحاد ہی اس کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مارکیٹس کی قیادت کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا خوش آئند امر ہے اور اس سے باہمی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے نومنتخب صدور کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی اپنی مارکیٹس میں تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ سابق صدر آئی سی سی آئی خالد اقبال ملک نے نومنتخب صدور کے مبارکباد دیتے ہوئے انھیں اہنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔انہوں نے کہا کہ تاجر وں کے مسائل کے حل کے لئے نومنتخب قیادت کو رابطے تیز کرنا ہوں گے روحیل انور بٹ نے کہا کہ اس عشائیے کا مقصد نومنتخب قیادت کی حوصلہ افزائی اور اسلام آباد کی تمام مارکیٹس کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہے۔حاجی چوہدری محمد نعیم نے کہا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قیادت اور تاجروں کے درمیان مضبوط رابطہ ناگزیر ہے،نعیم اختر اعوان نے کہا کہ تاجروں نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ ان کے لیے اعزاز بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ یوسف راجپوت نے کہا کہ بلیو ایریا اسلام آباد کا مرکزی کاروباری حب ہے اور یہاں کے تاجروں کو متعدد چیلنجز درپیش ہیں۔ چیمبر کی سرپرستی میں تمام مسائل کو منظم انداز میں حل کرایا جائے گا۔ ظاہر عباسی نے کہا کہ مارکیٹس کی ترقی باہمی مشاورت اور مشترکہ حکمت عملی سے ممکن ہے، عجب خان نے کہا کہ وہ تاجروں کے مسائل کو مربوط انداز میں چیمبر کے پلیٹ فارم پر لائیں گے تاکہ مثر اور دیرپا حل ممکن بنایا جا سکے۔
