کولمبو(آئی پی ایس )ایشیا کپ کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی کھیل کی سپرٹ کے منافی سوچ کے تحت بھارتی ہٹ دھرمی برقرار رہی اور بھارتی ٹیم کے کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ ہینڈ شیک نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق بھارت کا 6طیارے گرنے پر تاحال غصہ برقرار ہے اور پاک بھارت میچ میں ہینڈ شیک نہ کرنے کا فیصلہ بھارتی ٹیم کی جانب سے کیا گیا ہے، کرکٹ حلقوں میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، کہا گیا ہے کہ ہینڈ شیک نہ ہونے سے کرکٹ کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔
میچ کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان بھی روایتی ہینڈ شیک یا رسمی مصافحہ دیکھنے میں نہیں آیا، جس پر سوشل میڈیا اور شائقینِ کرکٹ کے حلقوں میں بحث شروع ہو گئی۔ذرائع کے مطابق ٹاس کے موقع پر دونوں ٹیموں کی ملاقات مختصر رہی اور کھلاڑی براہِ راست اپنی اپنی تیاریوں میں مصروف ہو گئے جبکہ دنیا نیوز کے ذرائع نے میچ سے قبل ہی ہینڈ شیک نہ ہونے کی اطلاع کی تصدیق کر دی تھی۔میچ سے ایک روز قبل پریس کانفرنس کے دوران ہینڈ شیک کے سوال پر بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ ہینڈ شیک کے لیے 24 گھنٹے انتظار کر لو، اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہینڈ شیک کا سسپنس کل ختم کر دیں گے، 24 گھنٹے رک جائیں، ہینڈ شیک کا انتظار کرو، ابھی کھانا کھائیں سو جائیں کل دیکھیں کہ کیا ہوتا ہے۔بھارت کے سابق مایہ ناز کرکٹر اور کمنٹیٹر سنجے منجریکر نے بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے ہینڈ شیک نہ کرنے کے بی سی سی آئی کے فیصلے کو احمقانہ قرار دیا۔ سنجے منجریکر نے ایکس اکاونٹ پر لکھا بھارت نے جو “ہاتھ نہ ملانے” والی حرکت شروع کی ہے یہ بڑی احمقانہ ہے، یہ ہمارے جیسے ملک کے شایانِ شان نہیں ہے۔
