Sunday, February 15, 2026
ہومتازہ تریناسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کا مارگلہ ٹریل تھری پر انسدادِ موٹاپا ہائیک کا انعقاد

اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کا مارگلہ ٹریل تھری پر انسدادِ موٹاپا ہائیک کا انعقاد

اسلام آباد(آئی پی ایس )اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے اشتراک سے مارگلہ ہائیکنگ ٹریل تھری پر موٹاپے کے خلاف ہائیک کا ایک پرجوش اور بامقصد انعقاد کیا۔ یہ سرگرمی محض ایک واک نہیں تھی بلکہ صحت مند طرزِ زندگی کے عملی پیغام کی جیتی جاگتی تصویر بن گئی، جہاں کلاس رومز کی سنجیدگی کی جگہ پہاڑوں کی تازگی نے لے لی۔تقریب کا آغاز رنگا رنگ اور علامتی انداز میں ہوا، جس میں ربن کاٹنے اور مقابلے کے آغاز کی تقاریب شامل تھیں۔ اس ماحول دوست مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں آئی ایم ڈی سی ہائیک اینڈ ایڈونچر کلب نے، پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا کی قیادت میں، کلیدی کردار ادا کیا اور ذمہ دارانہ تفریح کی ایک عمدہ مثال قائم کی۔

سات سو سے زائد شرکا، جن میں میڈیکل، ڈینٹل، فزیکل تھراپی، میڈیکل لیب ٹیکنالوجی اور نرسنگ کے طلبہ و طالبات، اساتذہ، عملی میدان میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز و سرجنز اور ہیلتھ کیئر مینجمنٹ کے نمائندگان شامل تھے، پرجوش انداز میں دلکش پہاڑی راستے پر گامزن رہے۔ اداروں کی اعلی قیادت بھی پورے وقت موجود رہی اور شرکا کی حوصلہ افزائی کرتی رہی، جبکہ انہیں اس امر پر سراہا گیا کہ انہوں نے راستے کو کچرے سے پاک رکھ کر پہاڑوں کی قدرتی خوبصورتی کے تحفظ کی بہترین مثال قائم کی۔اس موقع پر جی اے کے ہیلتھ کیئر کے گروپ سی ای او یاسر خان نیازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسی سرگرمیاں محض تفریح نہیں بلکہ ادارے کے اس وژن کا عملی اظہار ہیں جس کے تحت طلبہ کو صرف کامیاب ڈاکٹرز، نرسز اور ہیلتھ کئیر ورکرز ہی نہیں بلکہ ہمہ جہت، باشعور اور معاشرے سے جڑے ہوئے پیشہ ور افراد بنایا جاتا ہے- یعنی ایسے افراد جو سیکھنے کے جذبے، اخلاقی اقدار، سماجی خدمت اور صحت مند زندگی کے اصولوں کو اپنی شناخت بنائیں۔

شہر جہاں عموما سیاسی بحثوں اور ٹریفک کے شور سے پہچانا جاتا ہے، وہاں اس دن پہاڑی راستے قہقہوں، قدموں کی چاپ اور ایک مضبوط پیغام سے گونجتے رہے اور مستقبل کے معالجین نے صحت کا محض درس نہیں دیا بلکہ اس صحت مندانہ سرگرمی کے زریعے خود اس پر عمل کر کے دکھایا، جی اے کے ہیلتھ کیئر کمیونیکیشنز کے سربراہ عمران علی غوری نے میڈیا سے گفتگو میں اسی احساس کو اجاگر کیا۔تقریب کا اختتام خوشگوار اور یادگار انداز میں ہوا، جہاں موسیقی، دلچسپ سرگرمیوں اور مقابلے میں کامیاب ہونے والے طلبہ میں انعامات کی تقسیم نے ماحول کو مزید دلکش بنا دیا۔ طلبہ، والدین، اساتذہ اور دیگر شرکا نے انتظامیہ کو اس کامیاب اقدام پر سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں ثابت کرتی ہیں کہ صحت کا پیغام سنجیدہ ہونے کے ساتھ ساتھ خوشگوار بھی ہو سکتا ہے اور یہ جاری رہنی چاہئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔