Sunday, February 15, 2026
ہومپاکستانچیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی آئی پی یو کی قیادت سے اہم ملاقاتیں

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی آئی پی یو کی قیادت سے اہم ملاقاتیں

نیویارک(آئی پی ایس ) چیئرمین سینیٹ ، سید یوسف رضا گیلانی نے نیویارک میں انٹر پارلیمانی یونین کی صدر ڈاکٹر ٹولیا ایکسن اور سیکرٹری جنرل مارٹن چونگونگ سے اہم الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کی فعال، باوقار اور موثر پارلیمانی سفارت کاری کو اجاگر کیا گیا۔ ملاقاتوں کے دوران چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے اصولی موقف، جمہوری عزم اور عالمی سطح پر فعال پارلیمانی کردار کو مدلل انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان آئی پی یو کو دنیا کی پارلیمانوں کے مابین مکالمے، قانون کی حکمرانی، جامع حکمرانی اور عالمی تعاون کے فروغ کا موثر ترین پلیٹ فارم سمجھتا ہے اور اس فورم پر پاکستان کا کردار ہمیشہ تعمیری اور مثبت رہا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے آئی پی یو کے ساتھ پاکستان کی مضبوط اور دیرینہ وابستگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان مسلسل آئی پی یو اسمبلیوں، قائمہ کمیٹیوں اور عمومی مباحث میں فعال شرکت کر رہی ہے۔

انہوں نے تاشقند میں منعقدہ 150ویں آئی پی یو اسمبلی میں اپنی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امن و سلامتی، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور کثیرالجہتی تعاون جیسے اہم عالمی موضوعات پر واضح اور موثر مقف پیش کیا۔انہوں نے نومبر 2025 میں اسلام آباد میں منعقدہ انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس نے پاکستان کی پارلیمانی قیادت پر عالمی اعتماد کو مزید مستحکم کیا۔ “اسلام آباد اعلامیہ” کی متفقہ منظوری کو انہوں نے پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیا، جس میں امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے باہمی تعلق کو اجاگر کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے جمہوری حکمرانی کے فروغ میں سینیٹ آف پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایوان بالا صوبائی ہم آہنگی، اقلیتوں کے تحفظ، شفاف قانون سازی اور موثر نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمانی عمل کے ذریعے عوام کی آواز کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنا ان کی قیادت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ایس ڈی جیز کو پارلیمانی ملکیت دینے میں اپنی قیادت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے قانون سازی، بجٹ نگرانی اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی میں مزید تعاون کی خواہش ظاہر کی۔موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب اور بعد ازاں شدید موسمی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی انصاف اور مشترکہ ذمہ داری کے اصولوں کے تحت ترقی پذیر ممالک کی معاونت کرے۔

خواتین کی سیاسی و معاشی شمولیت کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے آئینی اقدامات اور قانون سازی کو اجاگر کرتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو خواتین کے معاشی استحکام اور غربت کے خاتمے میں ایک مثر اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔عالمی امن اور انسانی حقوق پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے تنازعات کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے۔سیکرٹری جنرل آئی پی یو سے ملاقات میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ سیکرٹریٹ کے ادارہ جاتی کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ پیشہ ورانہ، مثر اور غیرجانبدار پارلیمانی سیکرٹریٹس پارلیمانی سفارت کاری کی کامیابی میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پارلیمانی جدیدیت، ڈیجیٹلائزیشن، مصنوعی ذہانت پر مبنی سہولیات، تحقیقی معاونت اور عملے کی تربیت کے شعبوں میں عملی تعاون کی تجاویز پیش کیں۔چیئرمین سینیٹ نے واضح کیا کہ ان کی قیادت میں سینیٹ آف پاکستان عالمی سطح پر فعال، ذمہ دار اور باوقار کردار ادا کرتی رہے گی اور کثیرالجہتی نظام کے استحکام، جمہوریت کے فروغ اور عوام دوست حکمرانی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ملاقاتوں کے اختتام پر دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی پارلیمان اور آئی پی یو کے مابین تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی، جبکہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی فعال قیادت کو عالمی پارلیمانی حلقوں میں سراہا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔