اسلام آباد:(سب نیوز) وزیراعظم نے رمضان المبارک کے موقع پر عوام کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے 38 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا۔ پیکیج کا باقاعدہ اجراء وزیراعظم نے بٹن دبا کر کر دیا۔وزیراعظم کے مطابق یہ رقم وفاقی دارالحکومت، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حق دار خاندانوں کو ڈیجیٹل والٹس اور ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔
رمضان المبارک میں ہر حق دار خاندان کو بلا تفریق 13 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔21 لاکھ سے زائد ایسے خاندانوں کو بھی ادائیگیاں کی جائیں گی جو کسی سرکاری کفالت پروگرام کا حصہ نہیں ہیں۔ پہلے سے زیر کفالت ایک کروڑ خاندانوں کے لیے بھی 10 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ اس طرح کل ایک کروڑ 21 لاکھ خاندانوں میں رقوم بلا تفریق تقسیم کی جائیں گی، جس سے مستحق افراد کا مجموعی حجم 6 کروڑ تک پہنچ جائے گا۔ادائیگیاں بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائیں گی۔ وفاقی وزراء پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی رمضان پیکیج کے تمام مراحل کی نگرانی کرے گی۔ عوام کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن 9999 بھی قائم کی گئی ہے۔
رمضان ریلیف پیکیج کا اجرا، ہر مستحق خاندان کو 13 ہزار روپے دیئے جائیں گے: وزیراعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
