اسلام آباد: (سب نیوز) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اسلام آباد میں نئے سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں اور پلاٹس کی حوالگی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ، ممبر انجینئرنگ، ممبر پلاننگ و ڈیزائن سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی اور سیکٹرز کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔
سیکٹر C-14:بنیادی انفراسٹرکچر کے کام تکمیلی مراحل میں ہیں۔
پلاٹس مالکان کو قبضے دینے کے لیے تیار ہیں اور عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
اسٹریٹ نمبرز کی تنصیب اور گوگل میپ پر پلاٹس کی نشاندہی کو حتمی شکل دی جائے، چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت۔
سیکٹر E-12:
سب سیکٹرز 1 اور 2 میں بنیادی انفراسٹرکچر کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
سب سیکٹرز 2 اور 3 کے پلاٹس بھی مالکان کو قبضہ دینے کے لیے تیار ہیں۔
داخلی راستوں کی کلیئرنس جلد مکمل کی جائے، اور غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات ہٹائی جائیں۔
گوگل میپ پر پلاٹس کی لوکیشن کی نشاندہی جلد حتمی کی جائے۔
سیکٹر I-12:
تقریباً تمام رہائشی اور کمرشل پلاٹس ڈویلپڈ ہو چکے ہیں۔
مالکان کو قبضہ دینے کا باقاعدہ آغاز جلد کیا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ شہریوں کو ان کے تیار شدہ پلاٹس پر قبضہ فراہم کرنا سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام سیکٹرز میں پلاٹس کی گوگل میپ پر نشاندہی اور رہائشی سہولیات کی بروقت فراہمی کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا۔
سی ڈی اے وفاقی دارالحکومت میں نئے سیکٹرز میں پلاٹس کی حوالگی کا عمل دہائیوں بعد شروع کر رہا ہے اور شہریوں کو بہترین رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
