لندن (سب نیوز)بابا ئے قوم ،شہیدِ کشمیر مقبول بٹ کی 42ویں برسی کے موقع پر برطانوی کشمیریوں کے زیرِ اہتمام لندن میں ایک پرامن احتجاجی مارچ منعقد کیا گیا۔ یہ مارچ پارلیمنٹ اسکوائر سے شروع ہو کر بھارتی ہائی کمیشن، لندن تک پہنچا، جہاں مظاہرین نے مقبول بٹ شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں نعرے بازی کی۔ مارچ کے شرکا نے سیاسی جماعتوں کے جھنڈے، بینرز اور مقبول بٹ شہید کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ مظاہرین نے بھارتی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کے عوام سے کیے گئے تاریخی وعدوں کی عدم تکمیل، مسلسل سیاسی جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔
احتجاج کے دوران مختلف سیاسی رہنماں اور تنظیمی نمائندوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے، مقبول بٹ شہید کی جدوجہد، جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت پر تفصیلی موقف پیش کیا۔ اس احتجاجی مارچ کی قیادت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماوں آفتاب احمد، سردار مہتاب احمد، ساجد رشید، صابر گل، لیاقت لون، تحسین گیلانی، شکیل جرال اور فرید ایاز نے کی۔ جے کے نیپ کی جانب سے خواجہ حسن محمود، ساجد شاہین، سلیم یاس،ضیا احمد نے نمائندگی کی، پی آر ایف / این ایس ایف کی طرف سے کامریڈ عرفان یعقوب اور آصف خان نے شرکت کی جبکہ کے ایف ایم کے محمد یاسر بھی احتجاج میں شریک ہوئے۔
مظاہرین نے غیر قانونی حراستوں، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، خواتین پر تشدد، پیلٹ گنز کے استعمال اور اظہارِ رائے پر پابندیوں کی سخت مذمت کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی قیدیوں، بشمول یاسین ملک اور شبیر شاہ، کو فوری رہا کیا جائے، مقبول بٹ شہید کی باقیات ان کے خاندان کے حوالے کی جائیں، اور جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کو انصاف، وقار اور حقِ خودارادیت ملنے اور آزاد خودمختار جموں کشمیر کے قیام تک جدوجہد ہر سطح پر جاری رہے گی۔
