Thursday, February 12, 2026
ہومتازہ ترینوفاقی ٹیکس محتسب کا آئی سی سی آئی کا دورہ، ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کیخلاف زیرو ٹالرنس کی یقین دہانی

وفاقی ٹیکس محتسب کا آئی سی سی آئی کا دورہ، ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کیخلاف زیرو ٹالرنس کی یقین دہانی

اسلام آباد(سب نیوز) وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او)ظفر الحق حجازی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ٹیکس دہندگان کی مشکلات کا خاتمہ اور کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینا ان کے ادارے کی اولین ترجیحات ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)میں ایک پرجوش اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے ٹیکس دہندگان کو ریلیف فراہم کرنے اور ٹیکس کے نظام میں بدانتظامی کو دور کرنے میں ایف ٹی او کے فعال کردار پر روشنی ڈالی۔
تجارت و صنعت کے نمائندوں، آئی سی سی آئی کے سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان اور سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چوہدری سمیت سینئر عہدیداروں سے بات کرتے ہوئے ایف ٹی او نے واضح کیا کہ ٹیکس دہندگان کی عزت و تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان حکومتی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں کیونکہ ریاست ان کی شراکت سے چلتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس فائلرز کو ہراساں کرنے کے کلچر کو ختم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور انہوں نے کسی بھی قسم کی بد سلوکی، یا ہراسگی کے خلاف زیرو ٹالرنس کا اعلان کیا۔ظفر الحق حجازی نے ہیڈ کوارٹر کی سطح پر تین ایڈوائزری کمیٹیوں کے قیام کا اعلان کیا: انکم ٹیکس ایڈوائزری کمیٹی، سیلز اینڈ ایکسائز ٹیکس ایڈوائزری کمیٹی، اور کسٹمز ایڈوائزری کمیٹی۔ ان کمیٹیوں میں آئی سی سی آئی کے صدر، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر، ٹیکس بار کے صدر سمیت دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔
یہ کمیٹیاں ایف ٹی او کو خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے مشاورت دیں گی۔ اسی طرح کی علاقائی کمیٹیاں بھی بنائی جائیں گی تاکہ مقامی سطح پر موثر رابطہ کاری اور سہولت کاری کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ان کے آئی سی سی آئی کے دورے کا بنیادی مقصد ٹیکس دہندگان اور ایف ٹی او کے درمیان خلیج کو ختم کرنا اور تاجر برادری کو یقین دلانا تھا کہ ادارہ انصاف کے لیے ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ اپنے مسائل براہ راست ان کے نوٹس میں لائیں، انہیں یقین دلایا کہ وہ اپنی شکایات کے حل میں واضح فرق محسوس کریں گے۔ ایف ٹی او کے مشیر الماس علی جووینداہ نے کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ادارے کے سفیر کے طور پر کام کریں، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایف ٹی او فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر )کے خلاف شکایت کرنے والوں کو مفت اور فوری ریلیف فراہم کرتا ہے انہوں نے بتایا کہ ایف ٹی او 60 دنوں کے اندر انصاف فراہم کر رہا ہے ۔ انہوں نے کمیونٹی کے وسیع تر مفاد کے لیے اس شراکت داری کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل بشمول رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے متعلق مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے تسلیم کیا کہ ٹیکس وصولی ریاست کے کام کاج کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اپنی اس قومی ذمہ داری نبھانے پر تاجر برادری کی تعریف کی لیکن اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس دہندگان میں اعتماد پیدا کرنے کے لیے ایک منصفانہ موثر اور سادہ ٹیکس کا نظام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او کاروبار سے متعلق شکایات کے حل میں موثر کردار ادا کر رہا ہے، جس سے ادارے پر کاروباری برادری کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔آئی سی سی آئی کے فاونڈر گروپ کے چیئرمین طارق صادق نے ظفر الحق حجازی کی تقرری کو کاروباری برادری کے لیے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا قرار دیا۔ آئی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین میاں محمد رمضان نے اجلاس کی نظامت کی۔سابق صدور میاں شوکت مسعود، شکیل منیر اور دیگر شرکا نے اپنے مسائل کے حوالے سے سوالات اٹھائے۔ اس موقع پر سابق صدر خالد جاوید، محمد اعجاز عباسی، ایگزیکٹو ممبران عبدالرحمان صدیقی، ثنا اللہ خان، ذوالقرنین عباسی، اسحاق سیال، مرزا محمد علی، آئی سی سی آئی کے سینئر ممبر اسرار مشوانی بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔