Wednesday, February 11, 2026
ہومتازہ ترینایف آئی اے افسران کیلئے وردی پہننا لازمی، ڈی جی کا بڑا حکم جاری،تفصیلات سب نیوز پر

ایف آئی اے افسران کیلئے وردی پہننا لازمی، ڈی جی کا بڑا حکم جاری،تفصیلات سب نیوز پر

اسلام آباد: (سب نیوز) ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے تمام متعلقہ افسران اور اہلکاروں کے لیے یونیفارم پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔


اس حوالے سے باقاعدہ آفس آرڈر جاری کر دیا گیا۔جاری کردہ حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ایکٹ 1974 کی دفعات 4(2) اور 7 اور متعلقہ ایس آر اوز و قواعد 1995 کے تحت کیا گیا ہے۔


حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایجنسی کے تمام ایگزیکٹو ممبران، امیگریشن اسٹاف، انویسٹی گیشن گروپ کے ارکان اور آپریشنل افسران، چاہے وہ کسی بھی بنیادی پے اسکیل میں ہوں، مقررہ یونیفارم پہننے کے پابند ہوں گے۔


آفس آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان پولیس سروس گروپ کے وہ تمام افسران جو ایف آئی اے میں بی پی ایس 17 سے بی پی ایس 22 تک تعینات ہیں اور ایگزیکٹو یا آپریشنل ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں، وہ بھی مقررہ یونیفارم پہنیں گے۔


حکم نامے کے مطابق یونیفارم سے متعلق اس سے قبل جاری تمام احکامات، ہدایات اور سرکلرز منسوخ تصور ہوں گے۔ یہ نیا حکم 23 فروری 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔آفس آرڈر ڈائریکٹر (ایڈمنسٹریشن) سرفراز خان وِرک، پی ایس پی کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جبکہ اس کی نقول تمام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران کو ارسال کر دی گئی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔