جدہ(خالد نواز چیمہ)گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مٹو کے اعزاز میں صدر پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری شفقت محمود دھول کی جانب سے جدہ میں ایک پروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی، تجارتی اور صحافتی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔تقریب میں پاکستان انویسٹرز فورم کے عہدیداران کے علاوہ پاکستان قونصلیٹ جدہ کی کمرشل قونصلر سعدیہ خان، پریس قونصلر عرفان چوہدری، سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین، سابق مشیر وزیر اعلی پنجاب و چیئرمین پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری اظہر عباس وڑائچ، چیئرمین مسلم لیگ (ن)سعودی عرب چوہدری اکرم گجر سمیت متعدد اہم شخصیات شریک ہوئیں۔تقریب کا آغاز استقبالیہ خطاب سے ہوا، جس میں چیئرمین مسلم لیگ (ن)سعودی عرب چوہدری اکرم گجر نے مہمانِ خصوصی احمد حسن مٹو کا تفصیلی تعارف کرواتے ہوئے پاکستان انویسٹرز فورم کی جانب سے ان کی جدہ آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا۔اس موقع پر احمد حسن مٹو نے میزبانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جدہ میں پاکستانی تاجر برادری سے اس نوعیت کی ملاقات ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ایک وسیع اور تیزی سے ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی تاجروں کو منظم انداز میں یہاں لایا جائے۔ گجرات ایک بڑا صنعتی زون ہے جہاں تیار ہونے والی متعدد مصنوعات سعودی مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے حرم شریف میں نصب گجرات میں تیار کردہ فینز کا حوالہ دیتے ہوئے اسے قومی صنعت کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔ احمد حسن مٹو نے پاکستان انویسٹرز فورم کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورم جس طرح تاجروں کے لیے راہیں ہموار کر رہا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ پاکستان قونصلیٹ جدہ کی کمرشل قونصلر سعدیہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قونصلیٹ پاکستانی تاجروں کی مکمل معاونت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان سے آنے والے تاجر جامع تیاری اور مضبوط بزنس پروفائل کے ساتھ سعودی عرب آئیں، کیونکہ یہ مارکیٹ مواقع سے بھرپور ہے۔ انہوں نے گجرات چیمبر آف کامرس کی خدمات کو سراہتے ہوئے پوری کابینہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کے تمام چیمبرز کو عالمی سطح پر روابط مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ملکی مصنوعات بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچ سکیں ۔
سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے احمد حسن مٹو کی قیادت اور وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تاجر روایتی طور پر یورپی مارکیٹس کو ترجیح دیتے رہے ہیں، تاہم موجودہ حالات میں سعودی عرب سب سے بڑی اور منافع بخش مارکیٹ بن چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر پاکستانی تاجر سعودی مارکیٹ پر توجہ مرکوز کریں تو یورپ کے مقابلے میں بہتر کاروباری مواقع اور منافع حاصل کیا جا سکتا ہے۔صدر پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری شفقت محمود دھول نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے چیمبرز کے درمیان مضبوط روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انویسٹرز فورم، پاکستان قونصلیٹ جدہ کے تعاون سے نہ صرف سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تاجروں کی معاونت کر رہا ہے بلکہ پاکستان سے آنے والے نئے سرمایہ کاروں کو بھی مکمل رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے صدر گجرات چیمبر احمد حسن مٹو اور ان کی کابینہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب میں نائب صدر پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری غلام مصطفی گجر، فنانس سیکرٹری راجہ محمد ریاض، چوہدری طارق، چوہدری عبدالمتین، چوہدری زریاب، چوہدری اکرم فیاض، چوہدری احسان الہی گجر، سعد انس جنید، ملک عمر فاروق، چیئرمین پاک میڈیا جرنلسٹس فورم چوہدری نورالحسن گجر سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر پاک سعودی تجارتی تعلقات کے فروغ، باہمی تعاون کو وسعت دینے اور پاکستانی مصنوعات کو سعودی مارکیٹ میں مثر انداز میں متعارف کروانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
