Saturday, January 31, 2026
ہومپاکستانوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت ضلع اٹک میں نظم و ضبط کی بحالی

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت ضلع اٹک میں نظم و ضبط کی بحالی

فتح جنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست وژن کے تحت ضلع اٹک میں تجاوزات کے خاتمے اور شہری نظم و ضبط کی بحالی کے لیے انتظامیہ متحرک ہے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا ، اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ کی ہدایات پر تحصیلدار و سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ فتح جنگ چوہدری شفقت محمود نے کھوڑ روڈ پر تجاوزات کے خلاف بھرپور اور اچانک کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران فٹ پاتھ پر قائم غیر قانونی ریڑھیاں ہٹا دی گئیں جبکہ فٹ پاتھ پر تجاوز قائم کرنے والے ایک ہوٹل کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
انتظامیہ کی اس کارروائی سے فٹ پاتھ عام شہریوں کے لیے بحال ہو گئے، جس سے پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات سے نجات ملی۔ تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے موقع پر موجود دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو سختی سے ہدایت کی کہ فٹ پاتھ اور سڑک کے کنارے تجاوزات قائم کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنتی ہیں بلکہ شہریوں کے لیے حادثات کا سبب بھی بنتی ہیں، اس لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
شہری حلقوں نے انتظامیہ کی اس بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کا یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ شہر کو صاف، منظم اور عوام دوست بنایا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوامی سہولت اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔