طویل مدتی معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے حکومت اور کاروباری برادری کے مابین مسلسل مشاورت پر زور
اسلام آباد:(آئی پی ایس) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی .سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چوہدری کے ہمراہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے صنعتی اور برآمدی شعبوں کے لیے بڑے ریلیف کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں بجلی کے نرخوں میں 4 روپے 4 پیسے فی یونٹ کی کمی، ویلنگ چارجز کو نو روپے سے کم کرنا اور برآمدات کے فروغ کے لیے ہدفی مراعات شامل ہیں۔
آئی سی سی آئی کی قیادت نے ان اقدامات کو بروقت، عملی، اور ترقی پر مبنی قرار دیا ہے۔ یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ توانائی کی مسلسل زیادہ لاگت نے صنعتی پیداواری صلاحیت کو نمایاں طور پر محدود کیا ہے، مسابقت میں کمی کی یے اور صلاحیت میں توسیع کی حوصلہ شکنی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی، برآمدی ری فنانس کی شرح میں کمی ، صنعتوں پر لاگت کے دباؤ کو کافی حد تک کم کرے گی، کیش فلو کو بہتر بنائے گی، برآمدی صلاحیت میں اضافہ کرے گی، اور ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دے گی ۔
آئی سی سی آئی کے عہدیداروں نے برآمدات کے فروغ پر حکومتی توجہ ، سرکردہ برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے اور غیر ملکی زرمبادلہ کو تقویت دینے کے اقدامات کو بھی سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد سازی کے ایسے اقدامات صنعتی آپریشنز کو مستحکم کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور علاقائی اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کی رسائی کو تقویت دینے میں مدد گار ثابت ہونگے۔
تاہم آئی سی سی آئی کی قیادت نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ایک جامع اور وسیع البنیاد کاروباری ماحول کے لیے مزید اہم اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم پر زور دیا ہے کہ وہ سنگل ڈیجٹ KIBOR کی طرف بڑھیں، ٹیکس نظام کو معقول بنائیں اور صنعتی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے کاروبار کرنے کی لاگت کو مزید کم کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ اقدامات معیشت کی مکمل صلاحیت کے فروغ اور پاکستان کو ٹریلین ڈالر کی معیشت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی راہ پر ڈالنے کے لیے ضروری ہیں۔
آئی سی سی آئی کے عہدیداروں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان مسلسل مشاورت کے ذریعے متوازن پالیسی سازی، طویل مدتی معاشی استحکام، صنعتی بحالی اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔
