اسلام آباد(سب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے رئیل اسٹیٹ سیکٹر معاشی ترقی کا ایک اہم محرک ہے اور اس کو درپیش ریگولیٹری اور سرمایہ کاری سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ایک نیشنل رئیل اسٹیٹ کانفرنس کا انعقاد کریں ۔ یہ مطالبہ انہوں نے جمعرات کے روز آئی سی سی آئی میں ایک بھرپور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سردار طاہر محمود نے کہا کہ تاجر برادری برآمدات کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے وزیر اعظم کے وژن کی مکمل حمایت کرتی ہے اور خاص طور پر “اڑان پاکستان” کی۔ تاہم، انہوں نے زور دیا کہ کاروبار کرنے کے بڑھتے ہوئے اخراجات، حد سے زیادہ ٹیکس، بلند شرح سود، اور مہنگے توانائی کے ٹیرف پاکستان کی مسابقت اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر، اقتصادی سرگرمیوں اور روزگار میں ایک بڑا حصہ دار ہونے کے باوجود، ریگولیٹری دبا کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ صورت حال مقامی اور سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول میں جیسا کہ دبئی میں منتقل ہونے پر مجبور کر رہی ہے۔
اس شعبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ICCI کے صدر نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر جو 60 سے 70 متعلقہ صنعتوں کو سپورٹ کرتا ہے جیسا کہ سیمنٹ، اسٹیل، تعمیراتی مواد، ٹرانسپورٹ، مالیاتی خدمات، انجینئرنگ، اور ہنر مند لیبر لیکن موجودہ صورت حال میں سخت دبا کا شکار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی تجربہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ایک منظم اور متحرک رئیل اسٹیٹ سیکٹر پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کا کام کرتا ہے۔
سردار طاہر محمود نے مزید نشاندہی کی کہ پاکستان کو اس وقت علاقائی طور پر توانائی کے غیر مسابقتی ٹیرف، زیادہ ٹیکسوں اور بلند شرح سود کا سامنا ہے، جس سے کاروبار چلانا انتہائی مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک صوابدیدی اختیارات کو کم نہیں کیا جاتا اور مقررہ وقت کے اندر منظوری نہیں دی جاتی، بامعنی سرمایہ کاری – ملکی اور غیر ملکی دونوں مفقود رہیں گی۔
آئندہ وفاقی بجٹ 2026-27 کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ کسی بھی کاروبار مخالف یا محصول پر مبنی ٹیکس کے اقدامات سے گریز کرے، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ پاکستان کو کاروبار کے حامی، سرمایہ کاری کے لیے دوستانہ، اور ترقی پر مبنی مالیاتی فریم ورک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اقتصادی پالیسیوں اور بجٹ کے فیصلوں کو حتمی شکل دینے سے قبل چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے بامعنی مشاورت کرنے پر زور دیا۔
آخر میں، سردار طاہر محمود نے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان پل کے طور پر کام کرنے کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کا اعادہ کیا، اور کہا کہ بروقت پالیسی سپورٹ اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کریں گی، برآمدات میں اضافہ کریں گی، روزگار پیدا کریں گے اور پاکستان کو اقتصادی ترقی کی پائیدار راہ پر گامزن کریں گے۔ چیئرمین آئی سی سی آئی فانڈر گروپ شیخ طارق صادق، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجر برادری نے بڑی تعداد میں کانفرنس میں شرکت کی۔
