Thursday, January 29, 2026
ہومپاکستانمقامی برانڈ کی گاڑیاں اور سستی الیکٹرک بائیکس کے فروغ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے: سید یوسف رضا گیلانی

مقامی برانڈ کی گاڑیاں اور سستی الیکٹرک بائیکس کے فروغ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے: سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد:(سب نیوز)

انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (EDB) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، حماد علی منصور نے آج ایوانِ صدر میں قائم مقام صدر پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران حماد علی منصور نے انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے کردار اور مقاصد کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ EDB وزارتِ صنعت و پیداوار کے تحت قائم ایک اعلیٰ ترین ادارہ ہے جو 1995 میں پاکستان کے انجینئرنگ شعبے کو مستحکم کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافہ، تحقیق و ترقی کے فروغ، تکنیکی مہارتوں کی بہتری اور عالمی معیار کے مطابق شعبے

کے ہم آہنگ ہونے کے لیے بورڈ کی اہم کاوشوں بارے آگاہ کیا ۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نے موجودہ پالیسی اقدامات کے بارے میں بھی بتایا، جن میں طویل المدتی اسٹریٹجک منصوبہ بندی، ٹیرف میں مناسب سازی، صنعتی ترقیاتی فریم ورک، آٹوموبائل اور الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے شعبے میں جدت، ٹیکنالوجی کے استعمال اور

انسانی وسائل کی ترقی کے اقدامات سے بھی صدر کو آگاہ کیا۔
قائم مقام صدر نے انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے فعال کردار کی تعریف کی اور ملک میں انجینئرنگ شعبے کی ترقی میں اس کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اس کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں مقامی برانڈ کے تحت تیار شدہ گاڑیاں اور سستی الیکٹرک بائیکس متعارف کروائی جا سکتی ہیں تاکہ عوام کے لیے سستی آمد و رفت کو یقینی بنایا جائے اور ملکی پیداوار کو فروغ ملے۔
قائم مقام صدر نے حکومت کی جانب سے انجینئرنگ شعبے کی ہر ممکن معاونت جاری رکھنے کا اعادہ کیا اور اسے ملکی اقتصادی ترقی اور صنعتی ترقی کے لیے ایک کلیدی شعبہ قرار دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔