Tuesday, January 27, 2026
ہومبریکنگ نیوزنیب اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

نیب اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد:(سب نیوز)
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل (ٹی آئی) کے چیئرمین مسٹر فرانسوا ویلیریئن (Francois Valerian) کی قیادت میں چار رکنی وفد نے چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد سے ملاقات کی۔

ملاقات میں شفافیت، احتساب اور اچھی حکمرانی کے فروغ کے لیے باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا کہ بدعنوانی ایک عالمی مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے وفد کو نیب میں متعارف کرائی جانے والی اہم اصلاحات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے میں ڈیجیٹل نظام، مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ احتسابی عمل کو مزید شفاف اور تیز بنایا جا سکے۔

چیئرمین نیب نے بتایا کہ نیب نے سال 2025 کے دوران کھربوں روپے کی ریکارڈ ریکوریاں کیں، جبکہ گزشتہ تین برسوں میں نیب کی مجموعی برآمدگیاں 115 کھرب روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ہاؤسنگ اور سرمایہ کاری اسکیموں کے ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد متاثرین کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ریکور شدہ رقم کی مالیت برقرار رکھنے کے لیے نیب نے منافع بخش اکاؤنٹس کا آغاز کیا ہے، جبکہ ادارے کی توجہ نتائج پر مبنی نظام اور بڑے مقدمات میں کامیاب کارروائیوں پر مرکوز ہے۔


ملاقات کے دوران چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے نیب کی اصلاحاتی کوششوں، احتسابی اقدامات اور بین الاقوامی معیارات پر عملدرآمد کو سراہا۔ دونوں فریقین نے مستند اعداد و شمار کے تبادلے اور تعمیری تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔