Tuesday, January 27, 2026
ہومتازہ ترینراولپنڈی: فیصل ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے خلاف سخت قانونی کارروائی، مالک کے بھائی سمیت ایک ملزم گرفتار

راولپنڈی: فیصل ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے خلاف سخت قانونی کارروائی، مالک کے بھائی سمیت ایک ملزم گرفتار

راولپندی(سب نیوز) ڈی جی راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات پر فیصل ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ فیصل ٹاؤن کے مالک چوہدری عبدالمجید سمیت چار افراد کے خلاف تھانہ ایئرپورٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے تعاون سے کارروائی کے دوران فیصل ٹاؤن کے مالک کے بھائی چوہدری جاوید کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
آر ڈی اے حکام کے مطابق فیصل ٹاؤن انتظامیہ پر منظور شدہ لے آؤٹ پلان کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات ہیں۔ تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ ہاؤسنگ سکیم میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا، جو قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

مزید یہ بھی تصدیق ہوئی ہے کہ فیصل ٹاؤن میں 53 پلاٹس کی الاٹمنٹ کے باوجود نالہ کی ڈویلپمنٹ نہیں کی گئی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات اور ماحولیاتی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اس موقع پر واضح کیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور شہریوں کے مفادات کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل ٹاؤن کے خلاف کارروائی پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 کے تحت کی گئی ہے۔
ڈی جی آر ڈی اے نے شہریوں کو ہدایت کی کہ پلاٹس کی خرید و فروخت سے قبل متعلقہ ہاؤسنگ سکیم کی آر ڈی اے سے منظوری کی تصدیق ضرور کریں تاکہ کسی بھی قسم کے مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔