Tuesday, January 27, 2026
ہومبریکنگ نیوزائیرکرافٹ کیریئر ابراہم لنکن سمیت دیگر جنگی جہازوں پر مشتمل امریکی بحری بیڑہ مشرق وسطی پہنچ گیا

ائیرکرافٹ کیریئر ابراہم لنکن سمیت دیگر جنگی جہازوں پر مشتمل امریکی بحری بیڑہ مشرق وسطی پہنچ گیا

عدن(آئی پی ایس )امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ یو ایس ایس ابراہم لنکن ائیر کرافٹ کیریئر اور اس کے ساتھ موجود دیگر جنگی جہازوں پر مشتمل بحری بیڑا مشرقِ وسطی پہنچ گیا ہے۔امریکی فوج کے مطابق اس بحری بیڑے کے پہنچنے سے خطے میں امریکا کی عسکری قوت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

یہ بحری بیڑا ایک ایسے وقت میں خطے میں تعینات کیا گیا ہے جب گزشتہ دنوں ایرانی حکومت کی جانب سے ملک میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کے خلاف کریک ڈان پر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی عروج پر تھی۔ اگرچہ بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے پیچھے ہٹ گئے تھے تاہم ان کا کہنا ہے کہ تمام آپشنز بدستور موجود ہیں۔

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ یہ بحری بیڑا علاقائی سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے اس وقت مشرقِ وسطی میں تعینات ہے۔دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کسی بھی بیرونی مداخلت کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد رکھتا ہے۔ انہوں نے بظاہر یو ایس ایس ابراہم لنکن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے جنگی جہاز کی آمد ایران کے عزم اور ایرانی قوم کے دفاع کے لیے اس کی سنجیدگی کو متاثر نہیں کرے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔