Tuesday, January 27, 2026
ہومبریکنگ نیوزسانحہ گل پلازہ میں جل کر راکھ ہوئے 46 افراد کی تلاش معمہ بن گئی

سانحہ گل پلازہ میں جل کر راکھ ہوئے 46 افراد کی تلاش معمہ بن گئی

کراچی (آئی پی ایس )سانحہ گل پلازہ میں جان لیوا آتشزدگی کے واقعے کو 9 روز مکمل ہوگئے جس میں جل کر راکھ ہوئے 46 افراد کی تلاش معمہ بن گئی۔ آتشزدگی کے بعد لاپتا افراد کے اہل خانہ کے 69 سیمپلز لیے گئے ہیں، ڈی این اے کے ذریعے مجموعی طور پر 23 افراد کی شناخت مکمل ہوئی ہے باقی 46 افراد کی باقیات کے سیمپلز ناقابل شناخت ہیں۔ ذرائع کے مطابق 46 افراد کی وقوع کے وقت لوکیشن، آخری کال اور دیگر حاصل تفصیل کی مدد سے تلاش جاری ہے، سی پی ایل سی اور پولیس کے درمیان تفصیلی معلومات کا تبادلہ کیا گیا ہے اور تمام 46 افراد کی تفصیلات پولیس کے اعلی حکام کو ارسال کردی گئی ہیں۔

دریں اثنا سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسس راجہ رستم نے میڈیا سے گفت گو میں کہا کہ اب تک 273 ڈمپر ملبے کے اٹھائے گئے، کل لاہور سے فارنزک ٹیم آئی تھی، آج بھی لاہورکی فارنزک ٹیم نے معائنہ کیا، گل پلازہ کی عمارت کو سیل کررہے ہیں، عمارت کے اطراف گرین جالی لگادی ہے، پولیس سٹی وارڈن رینجرز یہاں سیکیورٹی پر مامور ہوں گے، معائنے کے بعد خستہ حال عمارت کو مسمار کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا تو مسمار کریں گے۔

سانحہ گل پلازہ کے مقدمے کی کاپی سامنے آگئی، مقدمہ پولیس انسپکٹر نواز علی زرداری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کی اطلاع 10 بج کر 30 منٹ پر ملی، دکان نمبر 193 پر واقع نیو توکل فلاور اینڈ گفٹ شاپ نامی دکان پر آگ لگی، گل پلازہ میں آگ بجھانے کے آلات موجود نہیں تھے، عمارت میں ہنگامہ اخراج کے راستے موجود نہیں تھے، آتشزدگی کے دوران گل پلازہ کے بیشتر دروازے بند تھے، بجلی بند ہونے کے باعث عمارت میں موجود لوگوں کو باہر نکلنے میں مشکل ہوئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔