Monday, January 26, 2026
ہومبریکنگ نیوزچیئر مین سی ڈی اے کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس،سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ

چیئر مین سی ڈی اے کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس،سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ

اسلام آباد(آئی پی ایس ) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی، سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے سنئیر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سیکورٹی اور امن و امان کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کی توسیع کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی اور مکمل ٹائم لائنز، ڈیزائن اور جدید آلات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسی طرح اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایم ٹیگ کے نفاذ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں سیکورٹی کو مزید فول پروف بنانے کیلئے پولیس گشت، اسنیپ چیکنگ، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے ایمرجنسی ریسپانس ٹائم کو بھی کم سے کم کردیا گیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر مزید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں اور شہر میں پیٹرولنگ میں بھی اضافے کو یقینی بنایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے امن و امان اور سیکورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مربوط رابطے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکورٹی اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے وژن کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو کرائم فری سٹی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔