اسلام آباد(آئی پی ایس )برٹش ہائی کمیشن پاکستان کی جانب سے خواتین سے متعلق قومی کانفرنس کا انعقاد اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ خواتین تمام طبقات کی موثر سلامتی کو یقینی بنانے میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔ سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی میں خواتین کے بنیادی کردار پر یہ قومی کانفرنس نیشنل کانٹر ٹیررازم اتھارٹی ، گلوبل افیئرز کینیڈا کے اشتراک اور اقوامِ متحدہ دفتر برائے انسدادِ منشیات و جرائم کے تعاون سے منعقد کی گئی۔
یہ کانفرنس ہمارے اس یقین کا عملی اظہار ہے کہ پاکستان بھر میں خواتین انسدادِ دہشت گردی پالیسی کی تشکیل، اداروں کے استحکام اور کمیونٹی سطح پر موثر نتائج کے حصول میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔کانفرنس کے موقع پر اپنے افتتاحی کلمات میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ ان خواتین کی حمایت کے لئے پرعزم ہے جو سماجی تحفظ کے حکومتی اقدامات کو مستحکم بنانے میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں اور پرتشدد انتہاپسندی اور دہشت گردی روکنے کی کوششوں میں پیش پیش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم خواتین کی انصاف تک رسائی بہتر بنانے، متاثرہ خواتین کو بہتر معاونت فراہم کرنے کے اقدامات اور منصوبوں میں بھی تعاون کر رہے ہیں اور سماجی استحکام کے لئے سرگرم خواتین کی زیرقیادت تنظیموں کو بااختیار بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر جناب جواد احمد ڈوگر، کینیڈا کے ہائی کمشنر جناب طارق علی خان اور نمائندہ یو این او ڈی سی جناب ٹروئلز ویسٹر نے صنفی تقاضوں سے ہم آہنگ سکیورٹی فریم ورکس کے فروغ میں بین الاقوامی تعاون اور حکومتی قیادت کی اہمیت پر زور دیا۔
نمائندہ یو این او ڈی سی جناب ٹروئلز ویسٹر نے اس سلسلے میں جاری سرگرمیوں کی پیشرفت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ پاکستان بھر میں نفاذِ قانون، مالیاتی شعبے کی نگرانی اور نظامِ انصاف کے اداروں میں قائدانہ عہدوں پر خدمات انجام دینے والی خواتین میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو تحقیقات، قواعد کی پاسداری اور دہشت گردی کے لئے سرمایہ کی فراہمی روکنے کی سرگرمیوں میں براہِ راست کردار ادا کر رہی ہیں۔
