Monday, January 26, 2026
ہومپاکستانپارلیمنٹ ہاوس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے تعزیت کا سلسلہ جاری

پارلیمنٹ ہاوس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے تعزیت کا سلسلہ جاری

اسلام آباد(آئی پی ایس )ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی بھابھی اور ان کے بڑے بھائی امان اللہ خان ناصر کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے پارلیمنٹ ہاوس میں پارلیمنٹیرینز، اراکینِ قومی اسمبلی، اراکینِ سینیٹ اور ملک بھر سے تعلق رکھنے والی ممتاز و نامور شخصیات کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔گزشتہ دنوں مرحومہ کا انتقال کوئٹہ میں ہوا تھا۔

مرحومہ کے ایصالِ ثواب، دعائے مغفرت اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت کے لیے مختلف وفود پارلیمنٹ ہاوس پہنچے اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔تعزیت کے لیے آنے والوں میں وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان، نائب صدر مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا چوہدری مجید مختار، ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد کیانی، معروف قانون دان فرید ڈوگر ایڈووکیٹ سمیت وکلا، ڈاکٹرز، قبائلی عمائدین، تاجر برادری، معروف بزنس مین، سرمایہ کار، مختلف چیمبرز آف کامرس کے وفود اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد شامل تھی۔

وفود نے مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور سوگوار خاندان سے گہرے رنج و غم اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے تعزیت کے لیے آنے والی تمام شخصیات اور وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں اہلِ وطن کی جانب سے اظہارِ ہمدردی اور دعائیں ان کے لیے باعثِ تسلی ہیں۔ انہوں نے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور سوگوار خاندان کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔