اسلام آباد(آئی پی ایس ) ایف ڈی ای انٹر اسکول ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل، ٹیم سی کی شاندار کامیابی ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ ایجوکیشن (FDE) کے زیرِ اہتمام انٹر اسکول ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل میچ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ فائنل مقابلہ فیڈرل بورڈ آف ایجوکیشن کی ٹیم اے اور ٹیم سی کے درمیان کھیلا گیا، جس میں ٹیم سی نے سخت مقابلے کے بعد ٹیم اے کو 1-0 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔
یہ سنسنی خیز فائنل میچ ایوب پارک کے لیفٹ ہینڈ جنرل ندیم اشفاق ہاکی گرانڈ میں کھیلا گیا، جہاں شائقین کی بڑی تعداد نے میچ سے لطف اٹھایا۔ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا تاہم فیصلہ کن گول ٹیم سی کے حصے میں آیا۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے کوچز کا تعلق معروف ہدف ہاکی کلب سے تھا۔ ٹیم اے کے کوچ سید سلیم رضا جبکہ ٹیم سی کے کوچ مرزا نوید احمد تھے۔ دونوں کوچز نے نوجوان کھلاڑیوں کی بہترین تربیت کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
ٹورنامنٹ کے انعقاد سے اسلام آباد میں نیا ہاکی ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آیا، جس پر ہاکی حلقوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ ماہرین اور کوچز کا کہنا ہے کہ اس طرح کے تسلسل کے ساتھ منعقد ہونے والے ایونٹس ہی گراس روٹ لیول پر ہاکی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔منتظمین اور کوچز نے امید ظاہر کی کہ ان شا اللہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے تعلیمی اور اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد جاری رہے گا، تاکہ اسلام آباد میں حقیقی ہاکی ٹیلنٹ کو مزید نکھارا جا سکے
