Tuesday, January 27, 2026
ہومبریکنگ نیوزمشرقِ وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے کیلئے خطر ناک ہے، امجد علی خان

مشرقِ وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے کیلئے خطر ناک ہے، امجد علی خان

اسلام آباد (آئی پی ایس )پیٹرن اِن چیف پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کے پولیٹیکل کوآرڈینیٹر امجد علی خان نیازی نے ایران اور امریکہ کے مابین موجودہ کشیدہ صورتِ حال پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ مشرقِ وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن، معاشی استحکام اور عالمی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف اس مقف پر قائم ہے کہ کسی بھی تنازعے کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ بامعنی سفارت کاری، باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری میں مضمر ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی محاذ آرائی سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے، جس کے اثرات توانائی کی منڈیوں، عالمی تجارت اور بالخصوص ترقی پذیر ممالک پر پڑ سکتے ہیں۔امجد علی خان نیازی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ہمیشہ امن، مذاکرات اور ثالثی کے کردار کا حامی رہا ہے۔ پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ مزید تباہی، انسانی جانوں کے ضیاع اور معاشی بدحالی کو جنم دیتی ہے۔ امریکہ جیسی بڑی طاقت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ یکطرفہ اقدامات کے بجائے عالمی برادری کو اعتماد میں لے اور ایران کے ساتھ تنازعات کو مذاکرات کی میز پر حل کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ اور برادر اسلامی ملک ہے، اور خطے میں کسی بھی نئی جنگ کے براہِ راست منفی اثرات پاکستان سمیت پورے جنوبی و وسطی ایشیا پر مرتب ہوں گے۔ اس لیے ضروری ہے کہ او آئی سی، اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی فورمز فوری اور مثر کردار ادا کریں تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پیٹرن اِن چیف پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کا وژن ہمیشہ امن، خودمختاری اور انصاف پر مبنی خارجہ پالیسی رہا ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ہوش مندی، تدبر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تاکہ دنیا کو ایک اور تباہ کن جنگ سے بچایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔