اسلام آباد (سب نیوز)ملک میں مہنگائی میں مسلسل دوسرے ہفتے اضافے کا رجحان سامنے آیا ہے،ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی میں 0 اعشاریہ25فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 3اعشاریہ87فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 13 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں جبکہ 13اشیاکی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی،جبکہ 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا،مہنگی ہونیوالی اشیا میں ٹماٹر کی قیمت میں 27اعشاریہ64فیصد،گندم آٹے میں 3اعشاریہ26 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 2اعشاریہ19فیصد اضافہ ہوا۔سرخ مرچ،دال مونگ، خشک دودھ اور لکڑی بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں،گزشتہ ہفتے ٹماٹر 6اعشاریہ72فیصد، پیاز 3اعشاریہ82فیصد اور چکن 1اعشاریہ66فیصد سستا ہوا،اس کے علاوہ نمک، دال چنا،چاول،گھی اوردال مسور کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔
سالانہ بنیادوں پر گندم کے آٹے کی قیمت میں 35فیصد جبکہ انڈوں کی قیمت میں 21فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے،ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 7فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ،چینی کی قیمتیں گزشتہ سال کی نسبت 10اعشاریہ43فیصد تک بڑھ چکی ہیں،بیف،مرچ،گڑ، لکڑی اور کپڑے بھی سالانہ بنیاد پرمہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں،ایک سال کے دوران گیس چارجزمیں بھی 30فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
