Tuesday, March 3, 2026
ہومبریکنگ نیوزسمندر پار پاکستانی حب الوطنی کی روشن مثال ، ریکارڈ ترسیلات زر پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور خالد نواز چیمہ کا خراجِ تحسین

سمندر پار پاکستانی حب الوطنی کی روشن مثال ، ریکارڈ ترسیلات زر پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور خالد نواز چیمہ کا خراجِ تحسین


جدہ (نمائندہ خصوصی):
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے دسمبر 2025 کے دوران ریکارڈ ترسیلات زر وطنِ عزیز پاکستان بھیجنے پر سمندر پار پاکستانیوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ دسمبر 2025 میں محب وطن سمندر پار پاکستانیوں نے 3.6 ارب ڈالر کی تاریخی ترسیلات زر وطن بھیجیں، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 16.5 فیصد اضافہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترسیلات زر میں یہ نمایاں اضافہ سمندر پار پاکستانیوں کے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد اور وطن سے غیر متزلزل محبت کا واضح ثبوت ہے۔


چوہدری سالک حسین نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے منفی پراپیگنڈے اور مایوسی کی فضا کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ترسیلات زر کے اس مثبت رجحان کو برقرار رکھنے کے لیے قلیل المدتی اور طویل المدتی منصوبہ بندی ناگزیر ہے تاکہ ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔


اس موقع پر اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن سعودی عرب کے صدر خالد نواز چیمہ نے بھی سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی صرف زرمبادلہ ہی نہیں بھیجتے بلکہ وہ پاکستان کے اصل سفیر ہیں، جو ہر مشکل وقت میں اپنی مٹی کے لیے ڈٹ کر کھڑے رہتے ہیں۔


خالد نواز چیمہ نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کا مسلسل ترسیلات زر بھیجنا اس بات کا واضح پیغام ہے کہ وہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور معاشی استحکام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دن رات محنت کر کے اپنی جوانی، صحت اور صلاحیتیں دیارِ غیر میں صرف کرتے ہیں، مگر ان کے دل ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔


انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، مسائل کے فوری حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں، کیونکہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کے مضبوط ستون ہیں۔


خالد نواز چیمہ نے اس بات پر زور دیا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے اور ان کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جامع اور مؤثر پالیسیاں ترتیب دی جائیں۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ خصوصاً سعودی عرب میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کو قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں مناسب اور بامعنی نمائندگی دی جائے۔خالد نواز چیمہ نے کہا


سمندر پار پاکستانیوں کی قربانیاں اور حب الوطنی پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہیں، اور پوری قوم کو اپنے ان محسنوں پر بجا طور پر فخر ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔