Tuesday, January 13, 2026
ہومپاکستانجوڈیشل کمیشن اجلاس، اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری

جوڈیشل کمیشن اجلاس، اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری

اسلام آباد(سب نیوز)جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 3ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری دیدی۔اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں اہم عدالتی معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ کے 3ایڈیشنل ججز کی مستقلی کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا جب کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے 2 ایڈیشنل ججز کی مستقلی پر بھی اجلاس میں تبادلہ خیال ہوا۔

اجلاس میں وفاقی آئینی عدالت میں ججز کی تعیناتی کے لیے رولز بنانے کے معاملے کو بھی زیر غور لایا گیا۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ایڈیشنل ججز جسٹس محمد اعظم خان، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس کی مستقل تقرری کی منظوری دی گئی۔اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس نجم الدین مینگل کی بطور مستقل جج کی توثیق کی گئی، جسٹس ایوب خان کی مستقلی اکثریتی رائے سے مسترد کی گئی، آئینی بینچز کیلئے ججز نامزدگی کے معیار پر غور کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی ججز تقرری انٹرویو،طریقہ کار اور رولز میں ترامیم پر سفارشات تیار کرے گی۔ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے دو ارکان جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے پی ٹی آئی کے دو ممبران کی عدم شرکت کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کو آگاہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔