Tuesday, January 13, 2026
ہومتازہ تریننوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعظم

نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد(آئی پی ایس ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے کی جدید تعلیم و تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف سے آئی ٹی ماہر مرحومہ عرفہ کریم کے والدین اور عرفہ کریم فانڈیشن کی چیف ایگزیکٹو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے آئی ٹی کے میدان میں عرفہ کریم کی گراں قدر خدمات اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عرفہ کریم کی خدمات کے اعتراف میں لاہور میں قائم آئی ٹی ٹاور کو مرحومہ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ جو نوجوانوں کے لیے ایک مثال اور تحریک کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو خطے میں آئی ٹی شعبے کا مرکز بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ جبکہ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ آئی ٹی شعبے میں انٹر پرینیور شپ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو سکیں۔انہوں نے آئی ٹی کی ترقی کے لیے قائم کی گئی عرفہ کریم فانڈیشن کو ایک خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر عرفہ کریم مرحومہ کے والدین نے آئی ٹی شعبے کی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ فانڈیشن مستقبل میں بھی نوجوانوں کی رہنمائی اور تربیت کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔