جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں خارجی دہشت گردوں کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے معروف عالمِ دین مولانا حافظ سلطان محمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ واقعے نے ایک بار پھر معصوم جانوں کو نشانہ بنانے والے خارجی دہشت گردوں کے اصل چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خارجی دہشت گردوں نے وانا میں مولانا حافظ سلطان محمد اور ان کی کم سن بیٹی کو آئی ای ڈی دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا۔ حملے میں مولانا حافظ سلطان محمد شدید زخمی ہو گئے تھے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور جامِ شہادت نوش کر گئے۔
واقعے میں کم سن بچی کو بھی نشانہ بنانا خارجی دہشت گردوں کی سفاکیت اور انسان دشمن سوچ کا واضح ثبوت ہے۔ عوامی و مذہبی حلقوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید مولانا حافظ سلطان محمد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔
