Wednesday, January 14, 2026
ہومبریکنگ نیوزوادی تیراہ میں آپریشن کی تیاری، علاقہ مکینوں کی نقل مکانی کل سے شروع ہوگی

وادی تیراہ میں آپریشن کی تیاری، علاقہ مکینوں کی نقل مکانی کل سے شروع ہوگی

تیرہ(آئی پی ایس )صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے وادی تیراہ کے علاقہ میدان ملک دین خیل سے نقل مکانی کرنے والوں کیلئے رجسٹریشن کا عمل گزشتہ 3 روز سے جاری ہے اور شیڈول کے تحت 10 جنوری سے باقاعدہ طور پر نقل مکانی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے پائیندی چینہ میں متاثرین کیلئے خصوصی رجسٹریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں گزشتہ 3 روز سے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

اب تک مجموعی طور پر 2500 سے زائد خاندانوں کو رجسٹر کیا گیا جن میں 176 خاندانوں کو نادرا سمیت دیگر محکموں سے کلئیرنس کے بعد ابتدائی طور پر مالی امداد ڈھائی لاکھ روپے فی خاندان فراہم کردی گئی ہے۔دیگر رجسٹرڈ خاندانوں کو بھی ایڈوانس مالی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق شیڈول کے تحت 10 جنوری سے باقاعدہ طور پر نقل مکانی کا عمل شروع کیا جائے گا جو 25 جنوری تک جاری رہے گا۔ نقل مکانی کرنے والے ہر خاندان کو ڈھائی لاکھ روپے ایڈوانس جبکہ ہر خاندان کو ماہانہ 50 ہزار روپے امدادی رقم دی جائے گی جس پر متاثرین اپنی مرضی کی رہائش اختیار کرسکیں گے۔ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن آئندہ دو ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا، آپریشن کے بعد متاثرین کی واپسی اور بحالی کا عمل 5 اپریل سے شروع کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے میدان کی مجموعی آبادی ایک لاکھ 30 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔ آپریشن کے دوران مکمل طور پر تباہ ہونے والے مکان کا معاوضہ 30 لاکھ روپے جبکہ جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکان معاوضہ 10 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔