اسلام آباد (سب نیوز ) وفاقی وزارتِ قومی صحت اور معروف ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنی روش پاکستان کے درمیان کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے لیے پانچ سالہ معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔ معاہدے کی تقریب وزارتِ قومی صحت اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال، سیکرٹری صحت حامد یعقوب شیخ اور روش پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کا یہ معاہدہ ایک تاریخی اقدام ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مریضوں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ منصوبے کا آغاز پمز اسپتال سے کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ دوا ساز کمپنی روش پاکستان کے پاس تین اقسام کے کینسر — بریسٹ کینسر، پھیپھڑوں کا کینسر اور جگر کا کینسر — کی مؤثر ادویات دستیاب ہیں، جو اس معاہدے کے تحت مریضوں کو مفت فراہم کی جائیں گی۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق ایک کینسر مریض کے علاج پر تقریباً 98 لاکھ روپے خرچ آتا ہے، تاہم اس منصوبے کے تحت ہر مریض کو تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کی ادویات بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی، جن میں سے 10 لاکھ روپے حکومتِ پاکستان جبکہ 90 لاکھ روپے روش پاکستان فراہم کرے گی۔ مجموعی طور پر کمپنی 70 فیصد جبکہ حکومت 30 فیصد اخراجات برداشت کرے گی۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پانچ سالہ معاہدے کے تحت کینسر کے ہزاروں مریض مستفید ہوں گے اور عوام کو معیاری علاج کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس موقع پر روش پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا پہلا مرحلہ ہے، جیسے جیسے اعتماد بڑھے گا، آئندہ مزید فلاحی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔
