اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے بدھ کے روز ازبکستان کے سفیر علیشر توختائف کی سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک ازبکستان کیساتھ تعلقات کو انتہائی قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ازبک سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ثقافتی، سماجی اور مذہبی لحاظ سے اکثر چیزیں مشترکہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے کی مصروفیات میں سے وقت دینے پر انتہائی مشکور ہوں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور تاشقند کو سسٹر سٹیز کا درجہ دینے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں۔ازبک سفیر نے چیئرمین سی ڈی اے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں ازبکستان کے حوالے سے ایریا مختص کرنے کی درخواست کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سیکٹرایف 9پارک، گارڈینیا حب سمیت کسی بھی پارک میں ازبکستان کیلئے ایریا مختص کیا جا سکتا ہے۔ ازبکستان کے سفیر علیشر توختائف نے سی ڈی اے کی طرف سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی خوبصورتی اور ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد غیر معمولی طور پر سر سبز و شاداب اور قدرتی طور پر ایک خوبصورت شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی خوبصورتی، ہریالی اور صفائی ستھرائی قابل ستائش ہے۔ملاقات میں ازبک کے سفارتخانے کو ڈپلومیٹک انکلیو منتقل کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ازبکستان کے سفارتخانے کو ڈپلومیٹک انکلیو میں منتقل کرنے کیلئے بزریعہ وزارت خارجہ رابطہ کیا جائے۔ملاقات میں چیئرمین سی ڈی اے نے ڈپلومیٹک انکلیو کی بیوٹفکیشن و اپگریڈیشن سے بھی آگاہ کیا۔ ازبک سفیر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک شاہراہ کو نیو ازبکستان کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز دی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شاہراہ کو ازبکستان سے منسوب کرنے معاملے کو بزریعہ وزارت خارجہ ٹیک اپ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں سی ڈی اے ازبکستان کیساتھ بھرپور تعاون کریگا۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات اور استعداد کار سے بھرپور فائدہ اٹھانا چائیے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مزید شعبوں میں تعاون اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
