ابوظہبی(سپورٹس ڈیسک) ڈیزرٹ وائپرز نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 4 کے کوالیفائر 1 میں ایم آئی ایمریٹس کو 45 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں وائپرز نے چار سیزنز میں تیسری مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کی۔
اینڈریز گوس نے 58 گیندوں پر ناقابلِ شکست 120 رنز اسکور کیے، جو نہ صرف اس سیزن کی پہلی سنچری تھی بلکہ آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں کسی ایسوسی ایٹ نیشن کے کھلاڑی کی پہلی سنچری بھی قرار پائی۔ ان کی اننگز لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی بن گئی۔ گوس اور فخر زمان نے پہلی وکٹ پر 157 رنز کی شراکت قائم کی، جو ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ ہے۔
فخر زمان نے 50 گیندوں پر 69 رنز بنائے جبکہ آخر میں سیم کرن نے 12 گیندوں پر ناقابلِ شکست 38 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو 233رنز تک پہنچایا، جو سیزن کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔جواب میں ایم آئی ایمریٹس کے لیے ٹام بینٹن نے 27 گیندوں پر 63 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، تاہم ڈیبیو کرنے والے عثمان طارق نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 33 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا پانسہ وائپرز کے حق میں پلٹ دیا۔ ڈیوڈ پین نے 2 جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ایم آئی ایمریٹس کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنا سکی ۔کوالیفائر 1 میں شکست کے باوجود ایم آئی ایمریٹس اب ایلیمینیٹر کے فاتح سے یکم جنوری کو مقابلہ کرے گی، جبکہ ڈیزرٹ وائپرز براہِ راست فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
