پاکستان چین کے تجربات سے استفادہ کر کے اپنی اقتصادی ترقی کے نئے افق حاصل کر سکتا ہے، قیصر احمد شیخ
اسلام آ باد () چائنا میڈیا گروپ نے پاکستان کے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے تعاون سے جدت طرازی کا فروغ، مشترکہ خوشحالی اور چین – پاکستان اقتصادی شراکت داری کے لیے ایک نیا وژن” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا،
جس کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ تھے۔ منگل کے روز
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی اور مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، اور پاکستان چین کے تجربات سے استفادہ کر کے اپنی اقتصادی ترقی کے نئے افق حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چین کی اقتصادی کامیابیاں اور انسانی ترقی پر مرکوز حکمت عملی پاکستان کے لیے نہ صرف سبق آموز ہیں بلکہ اسے اپنے سرمایہ کاری اور ترقیاتی اقدامات میں رہنمائی فراہم کر سکتی ہیں۔ قیصر احمد شیخ نے خصوصی اقتصادی زونز میں دی جانے والی مراعات، بورڈ آف انویسٹمنٹ کے بزنس سہولت کاری سینٹر، آسان کاروبار ایکٹ اور جامع ریگولیٹری اصلاحات جیسے اقدامات پر روشنی ڈالی اور سرمایہ کاروں کی سہولت کاری کو اقتصادی ترقی میں کلیدی عنصر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین–پاکستان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دے کر نہ صرف سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں بلکہ ملکی معیشت کے طویل المدتی اہداف بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر، سردار طاہر محمود نے چائنا میڈیا گروپ اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ آئی سی سی آئی پاکستان – چین تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے، مشترکہ منصوبوں، نوجوانوں کی شمولیت، اسٹارٹ اپس اور انٹرپرینیورشپ کے فروغ میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔
معروف ماہرِ تعلیم ڈاکٹر نور فاطمہ نے اپنی گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو چین کی طرز پر انسانی وسائل کی ترقی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں سب سے اہم عنصر اس کے لوگ ہیں، اس لیے تعلیم، مہارتوں کی تربیت، صحت اور ہنر مند افرادی قوت پر سرمایہ کاری لازمی ہے۔ ڈاکٹر نور فاطمہ نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ انسانی وسائل کی مضبوط بنیاد نہ صرف ملکی معیشت کو مستحکم بناتی ہے بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھاتی ہے اور طویل المدتی ترقی کے مواقع پیدا کرتی ہے۔
اس موقع پر ماہرِ اقتصادیات ڈاکٹر جبران حسین رضا نے چین کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں اور مسلسل اصلاحات پر مبنی وژن کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چین کی مستحکم اور تدریجی اقتصادی اصلاحات نے اسے عالمی سطح پر ترقی یافتہ معیشت کے طور پر ابھارا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے دیرینہ معاشی تعلقات کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری نے سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
سربراہ چائنا پروگرام ، انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز نبیلہ جعفر نے اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ کی دور اندیشی اور منصوبہ بندی پر مبنی پالیسیوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ چین کے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے ملک کی تیز رفتار اقتصادی ترقی کی بنیادی کنجی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ وژن نہ صرف چین کی معیشت کو مضبوط بنا رہا ہے بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کے لیے بے پناہ مواقع بھی فراہم کر رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کی اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندی حاصل ہو رہی ہے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے چین – پاکستان اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے چائنا میڈیا گروپ اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے تعاون کی تعریف کی۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس طرح کے سیمینار مستقبل میں بھی چین – پاکستان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
