دبئی(سپورٹس ڈیسک) ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 سیزن 4 اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں لیگ مرحلے کے اختتام پر پلے آف لائن اپ آخری میچ کے بعد مکمل ہوا۔ ایک انتہائی اہم مقابلے میں ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز نے گلف جائنٹس کو شکست دے کر آخری پلے آف مقام حاصل کیا اور ٹورنامنٹ کی ٹاپ فور ٹیموں میں جگہ بنائی۔
یکم جنوری کو دبئی میں ایلیمینیٹر کھیلا جائے گا، جس میں ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز کا مقابلہ دفاعی چیمپئن دبئی کیپیٹلز سے ہوگا۔ ایلیمینیٹر کی فاتح ٹیم شارجہ میں کوالیفائر 2 میں کوالیفائر 1 کی ہارنے والی ٹیم سے ٹکرائے گی، جبکہ فائنل 4 جنوری کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 کا مجموعی انعامی پول 10 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد ہے، جس میں چیمپئن ٹیم کو 7 لاکھ جبکہ رنرز اپ کو 3 لاکھ ڈالر ملیں گے۔ ہر سگنیچر بیلٹ کے فاتح کو 15 ہزار امریکی ڈالر انعام دیا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے پلے آف مقابلوں کے ساتھ شائقینِ کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلوں اور یادگار لمحات کی توقع ہے۔
