Tuesday, December 30, 2025
ہومپاکستانڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی، وکلا اور طلبہ کی ملاقات ،پسماندہ علاقوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی، وکلا اور طلبہ کی ملاقات ،پسماندہ علاقوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال


اسلام آباد:)سب نیوز
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سینیٹر سیدال خان سے ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین، قبائلی سرداروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، وکلا، طلبہ اور مشاہیرین نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفود نے ملک کے پسماندہ علاقوں بالخصوص صوبہ بلوچستان، خیبر پختونخوا، سندھ کے دیہی علاقوں اور جنوبی پنجاب کے دیہاتوں میں عوام کو درپیش سنگین مسائل سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔


وفود نے زراعت، مائنز و منرلز کے شعبے میں درپیش مشکلات، مواصلاتی نظام کی ابتر صورتحال، شدید سردی والے علاقوں میں گیس کی عدم فراہمی اور بجلی کے بحران جیسے مسائل کو خصوصی طور پر اجاگر کیا۔ قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ ان مسائل کے باعث عوام کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جن کے فوری اور پائیدار حل کی اشد ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی زور دیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ عوام کو مزید ریلیف فراہم کیا جائے جبکہ اس ضمن میں درپیش رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ وفود نے صنعتی شعبے کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات، صنعتوں کے قیام اور مصنوعات کی فروخت کے فروغ کو روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے ناگزیر قرار دیا۔


اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک بھر کی ترقی کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے اور صوبہ بلوچستان کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور دیگر پسماندہ علاقوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمتِ عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے حکومت کی واضح پالیسی اور مضبوط سیکیورٹی حکمتِ عملی موجود ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ بہتر سیکیورٹی صورتحال نہ صرف عوام کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے بلکہ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی وسائل اور معدنیات کے شفاف اور مؤثر استعمال کے ذریعے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔


گیس کی فراہمی کے حوالے سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ حالیہ دنوں بلوچستان میں گیس کی صورتحال کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے منیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کو پارلیمنٹ ہاؤس طلب کیا گیا تھا اور انہیں واضح ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ کوئٹہ اور اس کے مضافاتی علاقوں سمیت شدید سردی والے علاقوں میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس سپلائی میں بہتری کی یقین دہانی کرانے کے ساتھ متعلقہ علاقوں کا دورہ کر کے عوامی شکایات کے ازالے کا وعدہ بھی کیا ہے۔


ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان نے قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور عوام پر زور دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی صلاحیتوں کو ملکی مفاد میں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔


انہوں نے خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اتحادیوں کے ساتھ مل کر خواتین کو ہنر مند بنانے، باعزت روزگار فراہم کرنے اور ان کی معاشی خودمختاری کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ خواتین کو روزگار کے مواقع میسر آنے سے نہ صرف گھریلو مشکلات میں کمی آتی ہے بلکہ معاشی استحکام بھی ممکن ہوتا ہے۔


ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کریں اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے حکومت کا ساتھ دیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔