Tuesday, December 30, 2025
ہوماسلام آبادچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا رات گئے شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا رات گئے شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے رات گئے شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ اور مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو متعلقہ افسران نے منصوبے پر ہونے والی ابتک کی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا ترقیاتی کام کامیابی کیساتھ مقررہ مدت سے قبل اپنے تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور مجموعی طور پر شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا 95 فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل کرلیا گیا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ منصوبے کے انڈر پاس کا اسٹرکچرل ورک مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اس منصوبہ کی فنشنگ کا کام تیزی جاری ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ منصوبے کو خوبصورت بنانے کیلئے اسکے اطراف دیدہ زیب لینڈ اسکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اسی طرح اس منصوبے کو خوبصورت بنانے کیلئے مستقل بنیادوں پر خوبصورت لائٹس نصب کی جارہی ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے کے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت اور اعلی معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے ترقیاتی کاموں کی برق رفتار تکمیل کے ساتھ اعلی معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کے افتتاح سے قبل منصوبے کی بیوٹیفکیشن سے متعلق تمام کاموں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے سے ملحقہ تعلیمی اداروں کے طلبا اور روزمرہ کے مسافروں کو سگنل فری سہولیات میسر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو ایندھن کیساتھ وقت کی بھی بچت ہوگی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد شہر میں ٹریفک کے دباو میں کمی اور شہریوں کو بہترین سفری سہولیات میسر ہونگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی جدت و ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔