اسلام آباد (سب نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قیامِ پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی انتھک محنت، غیر متزلزل عزم، سیاسی بصیرت اور مدبرانہ حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔ پاکستان کا قیام محض ایک خط زمین کا حصول نہیں بلکہ برصغیر کے مسلمانوں کی ایک طویل جدوجہد کی تکمیل تھا، جس کی قیادت قائداعظم محمد علی جناحؒ نے نہایت دانائی اور دور اندیشی سے کی۔
بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قائداعظمؒ ایک عظیم مدبر، قانون دان اور بے مثال رہنما تھے جنہوں نے اپنی ذہانت، اصول پسندی اور ثابت قدمی سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا۔ انہوں نے نہ صرف غریب اور پسماندہ مسلمانوں کی آواز بلند کی بلکہ اُس وقت کے تمام مسلم اکابرین اور رہنماؤں کو یکجا کر کے ایک آزاد، خود مختار اور جمہوری ریاست کے قیام کو ممکن بنایا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے دو قومی نظریے کی بنیاد پر مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے تصور کو عملی شکل دی، جہاں تمام شہریوں کو بلا تفریق مذہب، رنگ و نسل، مساوی حقوق اور مکمل مذہبی آزادی حاصل ہو۔ یہی وہ وژن تھا جس نے پاکستان کو ایک جدیداور فلاحی ریاست بنانے کی بنیاد رکھی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پوری قوم بانی پاکستان کی عظیم قربانیوں اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی۔ قائداعظمؒ کی دور اندیش قیادت نے قوم کو اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط جیسے سنہری اصول عطا کیے، جو آج بھی ہماری قومی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ پاکستان کے دوران محمد علی جناحؒ جس استقامت اور جرات کے ساتھ کھڑے رہے، اُس نے اُس وقت کی بڑی طاقتوں کو بھی ان کے عزم کے سامنے جھکنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قائداعظمؒ کے فرمودات اور رہنما اصول مزید اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ ہمیں بانی پاکستان کے افکار کی روشنی میں ذاتی، گروہی اور سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر امن، جمہوریت، برداشت اور ترقی پسندانہ سوچ کو فروغ دینا ہوگا تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور مستحکم ریاست بنایا جا سکے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی کے لیے مل جل کر کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
