Wednesday, December 24, 2025
ہومتازہ ترینسی ڈی اے کے زیر اہتمام اسلام آباد میں رہائشی و کمرشل پلاٹس کی تین روزہ نیلامی، مجموعی طور پر 17ارب روپے سے زائد کے پلاٹس نیلام

سی ڈی اے کے زیر اہتمام اسلام آباد میں رہائشی و کمرشل پلاٹس کی تین روزہ نیلامی، مجموعی طور پر 17ارب روپے سے زائد کے پلاٹس نیلام

اسلام آباد(سب نیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رہائشی و کمرشل پلاٹس کی نیلامی میں مجموعی طور پر 17 ارب روپے سے زائد کے پلاٹس نیلام کئے گئے۔ نیلام عام کے آخری روز بھی سرمایہ کاروں نے بھرپور شرکت کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے نیلامی کے آخری روز نیلامی کے عمل کا ذاتی طور پر جائزہ لیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ نیلام عام میں سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت سی ڈی اے کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق، مجموعی طور پر سہہ روزہ نیلامی کے عمل میں مختلف کیٹیگریز کے پلاٹس 17.002 ارب روپے میں فروخت ہوئے۔ نیلامی کے آخری روز سیکٹر G-10/2 کے پلاٹ نمبر 514 کو 93.33 ملین روپے میں فروخت کیا گیا۔ سیکٹر G-10/2 کے پلاٹ نمبر 516 کو 92.62 ملین روپے اور پلاٹ نمبر 517 کو 100.44 ملین روپے میں نیلام ہوا۔مزید برآں، سیکٹر G-10/2 کے ہی پلاٹ نمبر 526 کو 93.33 ملین روپے اور پلاٹ نمبر 531 کو 94.04 ملین روپے میں نیلام ہوا۔ اسی طرح سیکٹر G-10/2 کے پلاٹ نمبر 547 کو 91.90 ملین روپے، پلاٹ نمبر 548 کو 91.90 ملین روپے اور سیکٹر G-10/2 کا ہی پلاٹ نمبر 556 کو 91.90 ملین روپے میں نیلام ہوا۔علاوہ ازیں، مری روڈ، آرچررڈ سکیم کے پلاٹ نمبر 9 کو 712 ملین روپے میں نیلام کیا گیا۔ اسی طرح مری روڈ، آرچررڈ سکیم کے پلاٹ نمبر کے پلاٹ نمبر A۔9 کو 732 ملین روپے میں نیلام کیا گیا۔ اسطرح مجموعی طور نیلام عام کے آخری روز 10 مختلف کٹیگریز کے پلاٹس 2.193 ارب روپے میں فروخت کئے گئے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے نیلامی میں حصہ لینے والے تمام سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدنی تمام شہریوں بشمول سرمایہ کاری کرنے والوں کو سہولتیں فراہم کرنے پر خرچ کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی میں حصہ لینے والے سرمایہ کار اور سی ڈی اے شہر کی تعمیر و ترقی میں پارٹنر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کی تجاویز کی روشنی میں ادارے میں مزید بہتری لائیں گے۔چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر نیلامی کے عمل کی نگرانی ممبر فنانس طاہر نعیم اور انکی سربراہی میں تشکیل دی گئی آکشن کمیٹی نے کی۔ آکشن کمیٹی نے نیلام عام کو شفاف اور مقابلے کی فضا بنانے کیلئے مثر انتظامات کئے۔ کامیاب اور شفاف آکشن کے انعقاد پر چئیرمین سی ڈی اے نے آکشن کمیٹی کو شاباش دی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے آکشن میں سرمایہ کاروں کو سرمایہ کار دوست اقدامات کے تحت مختلف رعایتیں اور سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔موصول ہونے والی بولیوں کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد سی ڈی اے بورڈ کے سامنے پیش کیا جائیگا۔ سی ڈی اے بورڈ موصول ہونے والی بولیوں کو منظور یا مسترد کرنے کا مجاز فورم ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔