اسلام آباد (سب نیوز)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام کے بعد ترقی کے مرحلے میں داخل ہوگیا، معاشی اصلاحات سے ملکی اور عالمی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، معیشت اب قرضوں کے بجائے برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب گامزن ہے۔
وزیر خزانہ سینیٹرمحمد اورنگزیب نے امریکی اخبارکو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی 38فیصدسے کم ہوکرسنگل ڈیجٹ میں آچکی، زرمبادلہ کے ذخائر بھی ساڑھے چودہ ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پرائمری بجٹ اور کرنٹ اکاونٹ سرپلس اہم سنگ میل ہے، شرح مبادلہ میں استحکام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، دو اعشاریہ سات فیصد معاشی نمو مثبت مگرناکافی ہے، ٹیکس، توانائی اورسرکاری اداروں میں اصلاحات جاری ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات چار ارب ڈالرسے تجاوز،پانچ سال میں دوگنا ہونے کا امکان ہے، نجکاری اور ٹیرف اصلاحات سے عالمی مسابقت میں اضافہ ہوگا، عالمی بینک کے مطابق پاکستان میں ایسٹ ایشیا مومنٹ کا امکان ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ خواتین کی تعلیم اورلیبرفورس میں شمولیت ناگزیر ہے، موسمیاتی تبدیلی کے بارے بڑے چیلنجز کے حوالے سے عالمی تعاون ضروری ہے، زراعت ،معدنیات اور ڈیجیٹل معیشت میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، بلوچستان کا ٹیتھیان کا پربیلٹ عالمی توجہ کا مرکز،ڈیٹا سینٹرزاے آئی اور ڈیجیٹل سروسز میں بڑی صلاحیت ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، بحران سے نکل کرمواقع کی معیشت کی جانب سفر شروع ہے، امریکی اخبار نے پاکستان اسپیشل رپورٹ بھی شائع کی ہے۔
پاکستانی معیشت اب قرضوں کے بجائے برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب گامزن ہے، وزیر خزانہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
