Wednesday, December 24, 2025
ہومتازہ ترینوزیراعظم کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت، اچکزئی کی مشاورت مکمل، جواب آج متوقع

وزیراعظم کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت، اچکزئی کی مشاورت مکمل، جواب آج متوقع

اسلام آباد(سب نیوز) اپوزیشن قائدین نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر اہم مشاورت کی ہے، جس کے بعد ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس آج باضابطہ طور پر اپنا جواب دیں گے۔ مشاورت کے دوران مذاکراتی عمل سے متعلق حکمت عملی اور ممکنہ فیصلوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے اپوزیشن قیادت کی مشاورت محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں ہوئی، جس میں وزیراعظم کی مذاکراتی پیشکش پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں محمود خان اچکزئی، علامہ ناصر عباس اور اسد قیصر شریک ہوئے، جبکہ سلمان اکرم راجہ آڈیو لنک کے ذریعے مشاورت کا حصہ بنے۔ اجلاس میں مذاکراتی عمل سے متعلق حکمتِ عملی اور فیصلوں پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو اپنا مقف بتا دیا ہے، اور دونوں رہنما آج مذاکرات پر جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کہہ چکے ہیں کہ اگر محمود خان اچکزئی کے پاس مینڈیٹ موجود ہے تو وہ مذاکرات کر سکتے ہیں، کیونکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی اس حوالے سے ان کا نام لیا تھا۔دریں اثنا وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم مسلسل پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں اور امید ہے کہ بات چیت مثبت اور نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔خواجہ آصف کے مطابق، پی ٹی آئی قیادت کی سیاسی سوچ میں مذاکرات کی گنجائش کم دکھائی دیتی ہے اور عمران خان ماضی میں زیادہ تر اپنے سیاسی مفاد پر توجہ دیتے رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔