اسلام آباد (سب نیوز )صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں کامیاب بولی دہندہ عارف حبیب گروپ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ، نجکاری کے عمل میں شریک تمام کاروباری ادارے قابل اعتماد اور اچھی ساکھ کے حامل تھے ،خسارے کا شکار دیگر حکومتی اداروں سے بھی جان چھڑانے کیلئے بروقت نجکاری کی ضروت ہے، امید ہے حکومت پی آئی اے کے بعد بجلی کی تقسیم کار کمپنیز کی نجکاری بھی بروقت ممکن بنائیگی۔
پی آئی اے کی نجکاری کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر اپنے ایک بیان میں صدر ایف پی سی سی آئی نے نجکاری کے عمل میں کامیاب بولی دہندہ عارف حبیب گروپ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نجکاری کا پہلا مرحلہ شفاف اور تیز رفتاری سے مکمل کرنے پر حکومت مبارکباد کی مستحق ہے ،نجکاری کے عمل میں شریک تمام کاروباری ادارے قابل اعتماد اور اچھی ساکھ کے حامل تھے ،وزیر اعظم شہباز شریف کی ذاتی کوششوں سے قومی ایئرلائن کی نجکاری کا یہ سنگ میل عبور ہوا۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت نے بزنس کمیونٹی پر اعتماد کیا جس کے مثبت اور دور رس نتائج سامنے آئیں گے ،پاکستان کو سرکاری اداروں کے خسارے کی مد میں سالانہ اربوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے ،خسارے کا شکار دیگر حکومتی اداروں سے بھی جان چھڑانے کیلئے بروقت نجکاری کی ضروت ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی شعبے میں بھی جامع اصلاحات ضروری ہیں جو ڈسکوز کی نجکاری کے بغیر ممکن نہیں، امید ہے حکومت پی آئی اے کے بعد بجلی کی تقسیم کار کمپنیز کی نجکاری بھی بروقت ممکن بنائیگی۔
